مفتی صاحب السلام علیکم! چند ماہ قبل میں نے ہانگ کانگ کی ایک کمپنی میں کام کرنے کے حوالے سے آپ سے راہنمائی لی تھی. کمپنی سے متعلق مکمل اور واضح معلومات نہ ہونے کی وجہ سے میں سوالنامہ میں کمپنی کے کام اور اس کے منافع کی تقسیم کی تفصیل درج نہ کر سکا. اب میں نے مکمل طور پر کمپنی پر تحقیق کر لی ہے اور اس میں کام کرنے کی شرعی حیثیت جاننا چاہتا ہوں.
کمپنی کا نام پے ڈائمنڈ (paydiamond) ہے اور یہ کمپنی ہانک کانگ کی کمپنی ہے جو پچھلے تین سال سے پوری دنیا میں کام کر رہی ہے. کمپنی کا باقاعدہ ہانگ کانگ میں ہیڈ آفس ہے اور ہانگ کانگ سے رجسٹرڈ بھی ہے، جس کی رجسٹریشن کا سرٹیفیکیٹ میں خود دیکھ کر تسلی کر چکا ہوں.
کمپنی Diamond Raw Stone کان سے نکالتی ہے اس کی ریفائننگ (refining) کر کے ڈائمنڈ کی اصل حالت میں لا کر مارکیٹ میں فروخت کرتی ہے.
اِس کمپنی کے مختلف پیکجز ہیں جو کہ درج ذیل ہیں:
نمبر ایک 200 ڈالرز (0.05 cts x HJ vs2-vsi 1)
نمبر دو 400 ڈالرز (0.10 cts x HJ vs2-vsi 1)
نمبر تین 1200 ڈالرز (0.30 cts x HJ vs2-vsi 1)
نمبر چار 3600 ڈالرز (1 cts x HJ vs2-vsi 1)
نمبر پانچ 18000 ڈالرز (5 cts x HJ vs2-vsi 1)
مندرجہ بالا پیکجز میں سے ہم کسی بھی پیکج کی ایڈوانس بکنگ کرواتے ہیں تو کمپنی ہمیں اتنی مالیت کا ہیرا (diamond) تیار کر کے دیتی ہے. جب ہم کسی بھی پیکج کی بکنگ کرتے ہیں یعنی کمپنی کو پیکج کے حساب سے رقم بھیج دیتے ہیں تو کمپنی 25 ہفتوں بعد ہمیں ہیرا (diamond) تیار کر کے دینے کا معاہدہ کرتی ہے، اور 25 ہفتے ہمارے پیسے استعمال کرنے کی وجہ سے پیکج کے حساب سے ہمیں %5 ہفتہ وار بونس دیتی ہے. یہ بونس 25 ہفتوں تک ہمیں ملتا رہتا ہے.
25 ہفتوں کے بعد کمپنی ہمیں ای میل (email) کرتی ہے کہ آپ کی ایڈوانس بکنگ کا ہیرا (diamond) تیار ہو گیا ہے. کمپنی یہاں دو طرح کی آفرز کرتی ہے.
نمبر 1: اگر ہم ہیرا (diamond) لینا چاہیں تو کمپنی ہمارے گھر کے پتے (Home Address) پر بحفاظت بھیج دیتی ہے.
نمبر 2: اگر ہم ہیرا (diamond) نہ لینا چاہیں تو کمپنی خود اس کو مارکیٹ میں فروخت کر کے مذید 25 ہفتوں تک %5 کے حساب سے ہمیں منافع دیتی ہے. اِس میں کمپنی کا ہمارے ساتھ 50 ہفتوں کا کنٹریکٹ ہوتا ہے. یعنی اگر ہم ڈائمنڈ نہ لیں تو کمپنی ہمیں50 ہفتوں تک %5 فیصد ہفتہ وار کے حساب سے ٹوٹل %150 منافع دیتی ہے. اور اگر ڈائمنڈ لینا چاہیں تو کمپنی ابتدا کے 25 ہفتے ہمارے پیسے استعمال کرنے کی وجہ سے 5% ہفتہ وار منافع دیتی ہے اور 25 ہفتوں بعد اتنی ہی مالیت کا ہیرا بھیج دیتی ہے
براہ کرم راہنمائی فرمائیں کہ اس کمپنی کا پیکج خریدنا اور اس سے ہیرا (diamond) یا منافع لینا ازروئے شریعت جائز ہے؟ اِس میں سود تو نہیں؟
جواب:
اگر ایڈوانس بکنگ کروا کر مخصوص مدت کے بعد ہیرا (daimond) خریدنے کا معاملہ ہو تو اس کمپنی سمیت کسی بھی کمپنی سے خرید و فروخت میں کوئی حرج نہیں۔ لیکن ایڈوانس بکنگ کروا کر کمپنی سے چھ ماہ (25 ہفتے) بونس لینا سود ہونے کی وجہ سے از روئے شرع حرام ہے۔ ممانعت کی دوسری وجہ یہ ہے کہ جو معاملہ آپ نے بتایا اس میں خریدار اور فروخت کنندہ نے طے نہیں کیا کہ پچیس (25) ہفتوں بعد کیا کرنا ہے؟ ہیرا لینا ہے یا مزید پچیس ہفتے رقم لینی ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس طرح کی خرید و فرخت سے منع کیا ہے۔ حضرت ابوہریرہ رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ:
نَهَی رَسُولُ اﷲِ عَنْ بَيْعَتَيْنِ فِي بَيْعَةٍ.
رسول اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک بیع میں دو سودے کرنے سے منع فرمایا۔
عام مشاہدے کی بات ہے کہ آئے روز ایسی کمپنیاں اور سکیمیں منظرِ عام پر آتی ہیں جو لوگوں کو اسی طرح سہانے خواب دکھاتی ہیں اور لوگ آسان طریقوں سے پیسے کمانے کی کوشش کرتے ہوئے ان کے جھانسے میں آ جاتے ہیں۔ جب وہ اپنی جمع پونجی کمپنی کو جمع کروا بیٹھتے ہیں تو کمپنی اور اس کی سکیم ایسے غائب ہوتی ہے کہ جیسے کبھی تھی ہی نہیں اور ان کے کلائنٹس ہاتھ ملتے رہ جاتے ہیں۔ درج بالا شرعی احکام اور اپنے مشاہدے کی بنیاد پر ہم آپ کو یہی مشورہ دیں گے کہ ایسی کسی بھی سکیم کا حصہ بننے سے اجتناب کریں۔
واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔