او سی ڈی کا روحانی علاج کیا ہے؟


سوال نمبر:3495
السلام علیکم!‌ میرا سوال یہ ہے کہ او سی ڈی (Obsessive Compulsive Disorder) یعنی گندگی کے خوف سے بار بار پانی سے ہاتھ دھونے، کا روحانی علاج کیا ہے؟

  • سائل: محمد فیصلمقام: پاکستان
  • تاریخ اشاعت: 23 فروری 2015ء

زمرہ: جدید فقہی مسائل

جواب:

حدیث مبارکہ میں ہے:

عَنْ اُبَيِّ بْنِ کَعْبٍ عَنْ النَّبِيِّ قَالَ إِنَّ لِلْوُضُوئِ شَیْطَانًا یُقَالُ لَهُ الْوَلَهَانُ فَاتَّقُوا وَسْوَاسَ الْمَاءِ

حضرت ابی بن کعب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: وضو کا ایک شیطان ہے جس کا نام ولہان ہے لہٰذا پانی کے وسوسے سے بچو۔

  1. احمد بن حنبل، المسند، 5: 136، رقم: 21276، موسسة قرطبة مصر
  2. ترمذي، السنن، 1: 85، رقم: 57، دار احیاء التراث العربي بیروت

معلوم ہوا یہ ایک شیطانی وسوسہ ہے، اس سے نجات کے لیے آپ ایک تو اپنے آپ کو مطمئن رکھا کریں کہ آپ کو کوئی گندگی نہیں لگی ہوئی۔ اگر ہو بھی تو تین مرتبہ دھونے کے بعد بار بار نہ دھوئیں، دوسرا اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود وسلام اور معوذتین (سورۃ الفلق اور سورۃ الناس) تین تین مرتبہ پڑھ کر پانی دم کر کے روزانہ ایک مرتبہ پی لیا کریں۔ یہ وظیفہ سات (7) دن، گیارہ (11) دن، چالیس (40) دن یا حسب ضرورت (مکمل چھٹکارے تک) جاری رکھیں۔

معوذتین درج ذیل ہیں:

اَعُوْذُ بِاﷲِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْم

بِسْمِ اﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَقِo مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَo وَمِنْ شَرِّ غَاسِقٍ اِذَا وَقَبَo وَمِنْ شَرِّ النَّفّٰثٰتِ فِی الْعُقَدِo وَمِنْ شَرِّ حَاسِدٍ اِذَا حَسَدَo

اَعُوْذُ بِاﷲِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْم

بِسْمِ اﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِo مَلِکِ النَّاسِo اِلٰهِ النَّاسِo مِنْ شَرِّ الْوَسْوَاسِ الْخَنَّاسِo الَّذِیْ یُوَسْوِسُ فِیْ صُدُوْرِ النَّاسِo مِنَ الْجِنَّة وَالنَّاسِo

اس وظیفہ کا بہتر وقت بعد از نماز فجر طلوع آفتاب سے پہلے تک اور بعد نماز عشاء سونے سے پہلے کا ہے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: عبدالقیوم ہزاروی