کیا کرونا کی وباء اور لاک ڈاؤن خروجِ دجال کی علامات ہیں؟


سوال نمبر:5885
مفتی صاحب! رسول اللّٰہ ﷺ نے فرمایا: بیت المقدس کی آبادی (یہودی آبادی) مدینہ کی ویرانی ہوگی (covid-19 lockdown)، مدینہ کی ویرانی لڑائیوں اور فتنوں کا ظہور ہوگا (جنگوں کا شروع ہونا اور ترکی پر بھی کافروں کا حملہ کرنا)، فتنوں کا ظہور (سعودیہ میں بادشاہت کے لئےشہزادوں کا آپس میں لڑنا اور لوگوں کا امام مھدی کو تلاش کرنا) قسطنطنیہ کی فتح ہوگی (امام مھدی کی بھجی ہوئی فوج ترکی کو پھر سے فتح کرے گی)، قسطنطنیہ کی فتح دجال کا ظہور ہوگا (جب ترکی کو امام مھدی کی بھجی گئی فوج دوبارہ فتح کرکے واپس شام لوٹے گی تو دجال کا ظہور ہو جائے گا) ابوداٶد:4294۔ کیا جیسا میں نے اس حدیث کو سمجھا ایسا ہو سکتا ہے؟ جو میں نے بریکٹ لگا کر لکھا ہے۔

  • سائل: امجد حسینمقام: کراچی
  • تاریخ اشاعت: 26 نومبر 2022ء

زمرہ: حدیث اور علم حدیث

جواب:

سائل نے جو حدیثِ مبارکہ نقل کی ہے وہ مکمل متن کے ساتھ ذیل میں بیان کی جا رہی ہے۔ سائل کا لگایا ہوا حاشیہ مناسب نہیں ہے۔

عَنْ مُعَاذِ بْنِ جَبَلٍ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: عُمْرَانُ بَيْتِ الْمَقْدِسِ خَرَابُ يَثْرِبَ، وَخَرَابُ يَثْرِبَ خُرُوجُ الْمَلْحَمَةِ، وَخُرُوجُ الْمَلْحَمَةِ فَتْحُ قُسْطَنْطِينِيَّةَ، وَفَتْحُ الْقُسْطَنْطِينِيَّةِ خُرُوجُ الدَّجَّالِ، ثُمَّ ضَرَبَ بِيَدِهِ عَلَى فَخِذِ الَّذِي حَدَّثَهُ، أَوْ مَنْكِبِهِ ثُمَّ قَالَ: إِنَّ هَذَا لَحَقٌّ كَمَا أَنَّكَ هَاهُنَا، أَوْ كَمَا أَنَّكَ قَاعِدٌ، يَعْنِي مُعَاذَ بْنَ جَبَلٍ.

’’حضرت معاز بن جبل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: بیت المقدس کی آبادی میں یثرب کی بربادی ہے اور یثرب کی بربادی میں جھگڑوں کا پیدا ہونا ہے اور جھگڑوں کے پیدا ہونے میں قسطنطنیہ کی فتح ہے اور قسطنطنیہ کی فتح میں دجال کا نکلنا ہے۔ پھر اپنا دست مبارک روایت کرنے والے کی ران یا کندھے پر مار کر فرمایا: یہ اسی طرح یقینی ہے جیسے تمہارا یہاں ہونا یا جیسے تم بیٹھے ہو یعنی حضرت معاذ بن جبل کا وہاں ہونا یا بیٹھنا۔‘‘

أبو داود، السنن، كتاب الملاحم، باب في إمارات الملاحم، 4: 110، الرقم: 4294، بيروت: دار الفكر

سائل نے حدیثِ مبارکہ کا اطلاق کرنے میں بہت جلد کی ہے۔ ابھی ایسے حالات نہیں ہیں کہ موجودہ دور کو دجال کے خروج کا زمانہ کہا جائے۔ ابھی بہت سی نشانیاں باقی ہیں جن کے وقوع کے بعد دجال نکلے گا یا دیگر فتنے ظاہر ہوں گے۔ اس لیے سائل کی شرح درست نہیں ہے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: محمد شبیر قادری