جواب:
کوشش بسیار کے باوجود ایسی کوئی روایت نہیں مل سکی جس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہو کہ جھک جانے سے تمہاری عزت گھٹ جائے تو قیامت کے دن مجھ سے لے لینا۔ نہ مسلم شریف میں 784 نمبر پر ایسی کوئی روایت ہے اور نہ ہی کسی دوسرے مقام پر مل سکی ہے، بلکہ کسی دوسری حدیث کی کتاب میں بھی یہ روایت نہیں ملی۔ البتہ اللہ تعالیٰ کی خاطر عاجزی اختیار کرنے والے کے بارے میں درج ذیل روایت مسلم شریف اور دیگر کتب حدیث میں نقل کی گئی ہے:
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، عَنْ رَسُولِ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ: مَا نَقَصَتْ صَدَقَةٌ مِنْ مَالٍ، وَمَا زَادَ اللهُ عَبْدًا بِعَفْوٍ، إِلَّا عِزًّا، وَمَا تَوَاضَعَ أَحَدٌ لِلَّهِ إِلَّا رَفَعَهُ اللهُ.
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول الله صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: صدقہ مال میں کمی نہیں کرتا، بندے کے معاف کرنے سے اللہ تعالیٰ اس کی عزت بڑھاتا ہے اور جو شخص بھی اللہ کی رضا کے لیے عاجزی کرتا (جھکتا) ہے، اللہ تعالیٰ اس کا درجہ بلند کرتا ہے۔
(مسلم، الصحيح، كتاب البر والصلة والآداب، باب إستحباب العفو والتواضع، 4: 2001، الرقم: 2588، بيروت: دار إحياء التراث العربي)
واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔