کیا یومِ اساتذہ منانا شرعاً جائز ہے؟


سوال نمبر:5871
ہمارے یہاں 5 ستمبر کو یوم اساتذہ منایا جاتا ہے، کیا یہ جائز ہے؟ برائے کرم جواب عنایت فرمائیں۔

  • سائل: نعمت اللہ المنانیمقام: دربھنگہ، بہار، ہندوستان
  • تاریخ اشاعت: 07 ستمبر 2020ء

زمرہ: معاشرت

جواب:

اگر کوئی تہوار یا قومی یا عالمی ایام منکراتِ شرعیہ سے خالی ہو اور اس کے غیر شرعی ہونے پر اطمنان ہو، تو اس میں شرکت کرنے میں کوئی حرج نہیں۔ اساتذہ کی محنت اور عظمت کو اجاگر کرنے کے لیے پوری دنیا میں یومِ اساتذہ (Teacher's Day) منایا جاتا ہے۔ اس کا مقصد طلبہ میں اپنے اساتذہ کے لئے قدر و احترام کے جذبات کو پیدا کرنا ہوتا ہے، لیکن یہ جذبات وقتی نہیں بلکہ دائمی ہونے چاہئیں۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ، اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ماں باپ کے بعد کسی بھی انسان کا سب سے بڑا محسن اس کا استاذ ہوتا ہے، استاذ باپ کا درجہ رکھتا ہے۔ استاذ کا مقام بہت اونچا ہے، اور یہ ایک حقیقت ہے کہ جو شخص جتنے اونچے مقام پر فائز ہوتا ہے، اسی نسبت سے اُس کی ذمہ داری بھی ہوتی ہے۔استاذ میں ہمیشہ اپنے شاگردوں کے لئے باپ کی سی محبت و شفقت، اور شاگردوں میں بیٹوں اور بیٹیوں کی طرح اطاعت و فرماں برداری ہونی چاہئے۔ اگر ان ایام سے دونوں طرف یہ جذبات اجاگر ہوں تو اس طرح کے پروگرام اپنے مقصد میں کامیاب ہیں۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔