دوسری شادی کو برائی کیوں سمجھا جاتا ہے؟


سوال نمبر:4669
اسلام میں‌ دوسری شادی ایک جائز عمل ہے جو بےحیائی سے بچنے کا ذریعہ بھی ہے۔ میں اس قابل ہوں کہ دوسری بیوی رکھ سکوں۔ مگر ہمارے سنی عالم دوسری شادی کے خلاف بولتے ہیں مگر دلیل کسی کے پاس نہیں‘ سوائے انصاف والی بات کے اور انصاف کس طرح اور کن کاموں میں کرنا وہ مجھے علم ہے۔ آج تک یہ عمل حلال اور برکت والا تھا‘ اب کیوں غلط اور حرام کی طرح سمجا جاتا ہے؟

  • سائل: ناظم شہزادمقام: راولپنڈی
  • تاریخ اشاعت: 31 جنوری 2018ء

زمرہ: نکاح

جواب:

اسلام میں مرد کے لئے دوسری شادی مباح ہے۔ قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

فَانكِحُواْ مَا طَابَ لَكُم مِّنَ النِّسَاءِ مَثْنَى وَثُلاَثَ وَرُبَاعَ فَإِنْ خِفْتُمْ أَلاَّ تَعْدِلُواْ فَوَاحِدَةً أ.

تو ان عورتوں سے نکاح کرو جو تمہارے لئے پسندیدہ اور حلال ہوں، دو دو اور تین تین اور چار چار (مگر یہ اجازت بشرطِ عدل ہے)، پھر اگر تمہیں اندیشہ ہو کہ تم (زائد بیویوں میں) عدل نہیں کر سکو گے تو صرف ایک ہی عورت سے (نکاح کرو)۔

النساء، 4: 3

زمانہ جاہلیت میں کثرتِ ازدواج کا رواج تھا۔ اسلام نے اس کی حد متعین کی اور ایک سے زائد شادی کرنے والے کو مشروط اجازت دیتے ہوئے اس کی حد چار مقرر کی۔

عام طور پر عورتیں کمزور طبیعت کی مالک ہوتی ہیں، پہلی بیوی دوسری کو اور دوسری پہلی کو خود سے کمتر سمجھتی ہے۔ یوں گھریلو جھگڑوں اور فساد کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ چل نکلتا ہے جو آدمی کی زندگی کو اجیرن بنا دیتا ہے۔ اس لئے لوگ دوسری شادی سے حتی الوسع اجتناب کرتے ہیں۔ دونوں کے حقوق برابری کے ساتھ ادا کرنا عموماً آسان نہیں اور کسی ایک کے ساتھ ترجیحی سلوک کا وبال بڑا سخت ہے۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:

مَنْ کَانَتْ لَهُ إِمْرَاَتَانِ يَمِيلُ مَعَ إِحْدَاهُمَا عَلَی الْاُخْرَی جَاءَ يَوْمَ الْقِيَامَةِ وَاَحَدُ شِقَّيْهِ سَاقِطٌ.

’’جس کی دو بیویاں ہوں اور وہ ایک کی طرف مائل ہو تو وہ قیامت کے دن اس حال میں آئے گا کہ اس کا ایک پہلو ساقط (گرا ہوا) ہو گا۔‘‘

  1. احمد بن حنبل، المسند، 2: 347، رقم: 8549
  2. ابن ماجه، السنن، 1: 633، رقم: 1969
  3. ابن حبان، الصحيح، 10: 7، رقم: 4207، موسسة الرسالة بيروت

اور ایک روایت میں ہے کہ:

’اسے اس حال میں گھسیٹا جائیگا کہ اس کا ایک پہلو جھکا ہوا یا گرا ہوا ہوگا۔‘

احمد بن حنبل، المسند، 2: 295

بہرحال دوسری شادی کیلئے قرآن کریم میں عدل و انصاف کی شرط ہے، اگر عدل نہ کرسکے یا جسمانی و مالی لحاظ سے حقوق زوجیت ادا نہ کر سکے تو ایک سے زائد کی اجازت نہیں، اور اگر ایک بیوی کی بھی مالی و جسمانی لحاظ سے توفیق نہیں تو ایک کی بھی اجازت نہیں۔ اگر آپ مالی اور جسمانی صحت کے لحاظ سے دوسری شادی کی استطاعت رکھتے ہیں تو اپنے علاقہ کی یونین کونسل سے موجود عائلی قوانین (مسلم فیملی لاء) کے تحت پہلی بیوی سے اجازت لے لیں تاکہ شرعی و قانونی تقاضے پورے ہو جائیں۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: محمد شبیر قادری