کیا شرعی معذور تہجد کے وضو سے نمازِ فجر ادا کرسکتا ہے؟


سوال نمبر:4033
گذارش یہ ہے کہ شرعی معذور اگر تہجد کیلئے وضو کرتا ہے تو کیا اُسی وضو سے وہ فجر اور اشراق کی نماز ادا کر سکتا ہے؟

  • سائل: ایم، ایچ قادریمقام: نامعلوم
  • تاریخ اشاعت: 06 اکتوبر 2016ء

زمرہ: احکامِ طہارت و صلوٰۃ برائے معذور

جواب:

شرعی معذور کا وضو ایک فرض نماز کا وقت خارج ہونے سے ختم ہو جاتا ہے، اس کے لیے اگلی نماز ادا کرنے کے لیے نیا وضو کرنا ضروری ہے۔ اگر معذور نے نمازِ تہجد ادا کرنے کے لیے وضو کیا تو یہ فجر کی نماز ادا کرنے کے لیے کافی نہیں، کیونکہ تہجد نمازِ عشاء کے وقت میں ادا کی جاتی ہے اور نمازِ عشاء کا وقت ختم ہونے پر اس کا وضو جاتا رہے گا۔ اسی طرح شرعی معذور اگر فرض نماز ادا کرنے کے لیے وضو کرتا ہے تو اس سے وہ نوافل، تلاوت اور اذکار کرسکتا ہے لیکن نماز کا وقت خارج ہونے پر وضو ٹوٹ جائے گا اور اگلی نماز کے لیے نیا وضو کرنا ضروری ہوگا۔

لہٰذا شرعی معذور نمازِ تہجد ادا کرنے کے لیے وضو کرے تو اس سے نمازِ فجر ادا نہیں کرسکتا، نماز فجر کی ادائیگی کے لیے اسے نیا وضو کرنا ہوگا۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: عبدالقیوم ہزاروی