کیا احادیث میں‌ درود ابراہیمی کے علاوہ بھی کوئی درود پاک ہے؟


سوال نمبر:3024
السلام علیکم میرا سوال یہ ہے کہ کیا بخاری اور مسلم شریف میں درود ابراہیمی کے علاوہ کوئی اور درود پاک بھی موجود ہے جس کو پڑھا جا سکے اگر ہے تو برائے مہربانی اس کو حوالہ دے دیں؟

  • سائل: محمد فراز احمدمقام: پاکستان
  • تاریخ اشاعت: 10 جنوری 2014ء

زمرہ: درود و سلام  |  دم، درود اور تعویذ

جواب:

بخاری ومسلم یا کوئی بھی حدیث کی ایسی کتاب نہیں ہے جس میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسم مبارک کے ساتھ درود ابراہیمی لکھا ہوا ہو۔ ساری کتب میں (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یا علیہ الصلوۃ والسلام) کے الفاظ ہی موجود ہیں۔ قرآن پاک میں بھی درود اور سلام دونوں ہی پڑھنے کا حکم ہے اس لیے صرف درود ابراہیمی پڑھنے سے حکم باری تعالی پر عمل نہیں ہو سکتا۔ کیونکہ درود کا بھی حکم ہے اور سلام کا بھی بلکہ سلام کے لیے ڈبل حکم یعنی تاکید پیدا کی گئی ہے۔ نماز میں ہم درود ابراہیمی پڑھنے سے پہلے سلام پڑھتے ہیں۔ اس لیے حکم باری تعالی پر مکمل عمل ہو جاتا ہے۔ لیکن نماز کے علاوہ ممکن نہیں ہے کہ جب بھی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اسم مبارک آئے ہم درود ابراہیمی پڑھیں۔

تاریخ گواہ ہے، کتابیں موجود ہیں۔ آج تک کسی نے کوئی کتاب نہیں لکھی جس میں آقا علیہ الصلوۃ والسلام کے اسم مبارک کے ساتھ درود ابراہیمی لکھا ہو نہ ہی کسی نے ایسا خطاب کیا کہ جہاں بھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اسم مبارک آیا ہو اس نے درود ابراہیمی پڑھا ہو، آج تک ایسا نہیں ہوا۔

لہذا صحابہ کرام، تابعین، تبع تابعین، ائمہ فقہ، ائمہ حدیث اور تمام سلف صالحین کی تحریر اور تقریر سے درود ابراہیمی کے علاوہ درود وسلام ثابت ہیں جو بھی اپنے اپنے انداز میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود وسلام پیش کرے قبول ہے۔ اعتراض کرنے والے خود بھی اس پر عمل نہیں کرتے صرف عوام کو گمراہ کرنے کی خاطر طرح طرح کے اختلافات پیدا کرتے رہتے ہیں، حالانکہ واضح حکم ہے درود کا بھی اور سلام کا بھی، جب درود ابراہیمی ہے ہی صرف درود تو پھر سلام کہاں گیا؟

مزید مطالعہ کے لیے یہاں کلک کریں
اصل درود شریف کونسا ہے؟

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: عبدالقیوم ہزاروی