کیا حقہ پیتے ہوئے درود پاک پڑھنا جائز ہے؟


سوال نمبر:3864
کیا حقہ پیتے وقت درود پاک پڑھنا جائز ہے؟ ابا جان کی عادت ہے عشاء کی نماز کے بعد بستر میں بیٹھ کر حقہ پیتے ہیں اور ساتھ میں درود پاک کی تسبیح کرتے ہیں۔

  • سائل: عابد علی طاہرمقام: چنڈالی
  • تاریخ اشاعت: 15 اپریل 2016ء

زمرہ: درود و سلام

جواب:

بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں درودوسلام پیش کرنے کے آداب ہیں، جنہیں ملحوظ خاطر رکھنا ضروری ہے۔ امام نبہانی علیہ الرحمہ نے قاضی عیاض رحمۃ اللہ علیہ کا قول نقل کیا ہے کہ:

"جو مسلمان حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ذکر کرے یا جس کے پاس سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ذکر کیا جائے اس پر واجب ہے کہ وہ خشوع و خضوع سے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا وقار پیشِ نظر رکھتے ہوئے، بغیر حرکت کئے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ہیبت و جلالت کو اس طرح ملحوظ خاطر رکھے جس طرح آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں حاضری کے وقت ملحوظ خاطر رکھتا ہے اور اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ادب و احترام کرے جس طرح اﷲ تعالیٰ نے ہم کو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ادب سکھایا ہے۔ انہوں نے فرمایا: ہمارے سلفِ صالحین اور ائمہ و محدثین کا یہی دستور تھا۔"

(نبهانی، سعادة الدارين، 1: 220)

ہر عبادت کے لئے طہارت و پاکیزگی شرط ہے۔ اس لئے درود و سلام پڑھتے وقت ظاہری صفائی کا اہتمام کرنا ضروری ہے۔ حقہ پیتے ہوئے درودِ پاک پڑھنا خلاف ادب ہوتا ہے، اس کے برعکس درودوسلام پڑھتے ہوئے خوشبو لگانا مستحب ہے، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خوشبو بہت پسند فرماتے تھے۔ جواب کی مزید وضاحت کے لیے ملاحظہ کیجیے:

کیا منہ میں نسوار رکھ کر تلاوت یا نعت سننا جائز ہے؟

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: محمد ثناء اللہ طاہر