خانہ کعبہ میں اعتکاف بیٹھ کر عمرہ کیا جا سکتا ہے؟


سوال نمبر:2571
السلام و علیکم میرا سوال یہ ہے کہ خانہ کعبہ میں اعتکاف بیٹھ کر عمرہ کیا جا سکتا ہے؟ کیا مسجد سے باہر جا کر احرام اور عمرہ کی نیت کی جا سکتی ہے؟

  • سائل: ایاز علیمقام: گوجرانوالا
  • تاریخ اشاعت: 20 مئی 2013ء

زمرہ: عبادات  |  اعتکاف  |  عمرہ کے احکام و مسائل

جواب:

خانہ کعبہ میں اعتکاف بیٹھنے والے کے لیے ضروری ہے کہ پہلے وہ احرام باندھ کر عمرہ کرے کیونکہ میقات کے باہر سے آنے والے پر احرام باندھ کر طواف کرنا واجب ہے ورنہ اس پر ایک بکرا دم دینا واجب ہے۔ لہذا ایک عمرہ تو اعتکاف بیٹھنے سے پہلے ہو گیا اب دوران اعتکاف عمرہ کرنا چاہے تو مسجد عائشہ جانا پڑے گا، وہاں سے احرام باندھ کر طواف کرے گا تو عمرہ ہو گا جس کے لیے اسے مسجد سے باہر جانا پڑے گا، جو کہ امام ابو حنیفہ رضی اللہ عنہ کے نزدیک اعتکاف ٹوٹنے کا سبب ہے کیونکہ یہ کوئی مجبوری نہیں ہے لیکن صاحبین کے نزدیک مسجد سے باہر جانے کی اجازت ہے۔ امام صاحب کے نزدیک اعتکاف کے ضروریات کے علاوہ ایک لمحہ بھی مسجد سے باہر نہیں جا سکتے۔ صاحبین کے نزدیک وقت کا زیادہ حصہ اعتکاف میں اور کم حصہ باہر رہ سکتے ہیں اس لیے مسجد سے باہر جا کر احرام باندھنے میں بھی کوئی حرج نہیں یہی موقف ہمارا ہے۔ المختصر صاحبین کے قول کے مطابق ہمارے نزدیک خانہ کعبہ میں اعتکاف کے دوران عمرہ کیا جا سکتا ہے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: عبدالقیوم ہزاروی