امام مالک رحمۃ اﷲ علیہ کا تعارف بیان کریں؟


سوال نمبر:231
امام مالک رحمۃ اﷲ علیہ کا تعارف بیان کریں؟

  • تاریخ اشاعت: 22 جنوری 2011ء

زمرہ: فقہ اور اصول فقہ  |  فقہ اور اصول فقہ

جواب:

امام مالک رحمۃ اﷲ علیہ کے فقہی مسلک کو مالکی مذہب کہتے ہیں۔ آپ کا نام مالک بن انس ہے۔ آپ امامِ مدینہ، امام اہلِ حجاز اور امام دار الہجرت کے لقب سے مشہور ہوئے۔ آپ 93ھ میں مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے۔ آپ کا شمار مجتہدین، فقہاء اور عظیم محدثین میں ہوتا ہے۔

آپ نے حدیث و فقہ کا علم پہلے ربیعہ رائی، پھر ابن ہرمز سے حاصل کیا۔ ان کے اساتذہ میں امام ابن شہاب زہری اور دیگر ستر اساتذہ شامل ہیں۔ امام مالک رحمۃ اللہ علیہ نے سترہ برس کی عمر میں مدینے میں درس و تدریس کی مسند سنبھالی۔ آپ حدیث کا درس بڑے ادب و احترام سے دیا کرتے تھے، غسل کرتے، صاف ستھرا لباس پہنتے، خوشبو لگاتے اور پھر درس کی مسند پر تشریف فرما ہوتے۔ امام مالک بیک وقت حدیث اور فقہ کے امام تھے۔ آپ کے طرزِ فکر میں حدیث اور فقہ کا حسین امتزاج ملتا ہے۔

 محمد ابوزهره، مالک، 33 : 34

امام نسائی آپ کے مقام و مرتبہ کے بارے میں فرماتے ہیں :

’’میرے نزدیک تبع تابعین کی جماعت میں امام مالک سے زیادہ عظیم اور کوئی شخص نہیں اور نہ ان سے بڑھ کر کوئی اور شخص حدیث میں مامون و معتبر تھا۔‘‘

 عسقلانی، تهذيب التهذيب، 10 : 9

امام مالک رحمۃ اللہ علیہ کا سب سے بڑا تصنیفی کارنامہ ’’الموطا‘‘ ہے جو علم حدیث پر لکھی جانے والی پہلی کتاب ہے۔ امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ ، عبد اﷲ بن سلمی، عبد اﷲ بن رب آپ کے شاگردوں میں سے تھے۔ امام مالک کی وفات مدینہ طیبہ میں سن 179ھ میں ہوئی۔ آپ کے مقلد مالکی کہلاتے ہیں۔

 عسقلانی، تهذيب التهذيب، 10 : 8

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔