نماز کے بعد کون سے اذکار کرنے چاہئیں؟


سوال نمبر:440
نماز کے بعد کون سے اذکار کرنے چاہئیں؟

  • تاریخ اشاعت: 27 جنوری 2011ء

زمرہ: نماز  |  عبادات

جواب:

حضورنبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے نماز کے بعد مختلف مواقع پر مختلف اذکار کو اپنا معمول بنایا۔ درج ذیل اذکار میں سے حسبِ موقع جس کا جو دل چاہے پڑھ سکتا ہے:

حضرت مغیرہ بن شعبہ رضی اﷲ عنہما سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہر فرض نماز کے بعد یہ کلمہ پڑھتے تھے:

لَا إِلٰهَ اِلاَّ اﷲُ وَحْدَه لَا شَرِيْکَ لَه. لَهُ الْمُلْکُ وَلَهُ الْحَمْدُ وَهُوَ عَلَی کُلِّ شَيْئٍ قَدِيْرٌ. اَللّٰهُمَّ! لَا مَانِعَ لِمَا أَعْطَيْتَ. وَلَا مُعْطِیَ لِمَا مَنَعْتَ. وَلَا يَنْفَعُ ذَا الْجَدِّ مِنْکَ الْجَدُّ.

مسلم، الصحيح، کتاب المساجد ومواضع الصّلاة، باب استحباب الذکر بعد الصلاة و بيان صفته، 1 : 414، 415، رقم : 593

’’اﷲ تعالیٰ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں۔ وہ یکتا ہے اس کا کوئی شریک نہیں، اُسی کی بادشاہی ہے اور اسی کے لیے ستائش ہے، اور وہ ہر چیز پر قادر ہے۔ اے اﷲ تو جو چیز دے اسے کوئی روکنے والا نہیں اور جس چیز کو تو روک لے اس کو کوئی دینے والا نہیں اور کسی کوشش کرنے والے کی کوشش تیرے مقابلے میں سود مند نہیں۔‘‘

حضرت عمرو بن میمون الاودی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ اپنے صاحبزادوں کو ان کلمات کی ایسے تعلیم دیتے جیسے استاد بچوں کو لکھنا سکھاتا ہے اور فرماتے: بے شک حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہر نماز کے بعد ان کلمات کے ذریعے پناہ طلب کیا کرتے تھے:

اَللّٰهُمَّ إِنِّی اَعُوْذُ بِکَ مِنَ الْجُبْنِ، وَأَعُوْذُ بِکَ أَنْ أَرُدَّ إِلَی أَرْذَلِ الْعُمُرِ، وَأَعُوْذُ بِکَ مِنْ فِتْنَةِ الدُّنْيَا، وَأَعُوْذُ بِکَ مِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ.

بخاری، الصحيح، کتاب الجهاد، باب ما يتعوذ من الجبن، 3 : 1038، 1039، رقم : 2667

’’اے اللہ! میں بزدلی سے تیری پناہ چاہتا ہوں اور میں ذلت (بڑھاپے) کی زندگی کی طرف لوٹائے جانے سے تیری پناہ چاہتا ہوں اور دنیا کے فتنے سے تیری پناہ مانگتا ہوں اور عذابِ قبر سے تیری پناہ مانگتا ہوں۔‘‘

ایک روایت میں ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا :

’’دو خصلتیں ایسی ہیں کہ جس مسلمان میں جمع ہو جائیں وہ جنت میں داخل ہوگا : جو شخص سوتے وقت 33 مرتبہ سُبْحَانَ اﷲِ، 33 مرتبہ الْحَمْدُ ِﷲِ، اور 34 مرتبہ اَﷲُ اَکْبَر کہے اور ہر نماز کے بعد یہ تینوں کلمات دس دس مرتبہ کہے۔‘‘

ترمذی، الجامع الصحيح، ابواب الصلاة، باب ما جاء في التسبيح فی أدبار الصلاة، 1 : 435، رقم : 410

اسے تسبیحِ فاطمہ بھی کہتے ہیں کیونکہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت فاطمہ رضی اﷲ عنہا کو بھی یہی پڑھنے کی تلقین فرمائی تھی۔ جن نمازوں کے بعد سنت ادا کی جاتی ہے مثلاً ظہر، مغرب، عشاء ان میں ان کلمات کو سنت سے فراغت کے بعد پڑھے، البتہ جن نمازوں کے بعد سنت نہیں جیسے فجر اور عصر ان میں فرض سے فراغت پاتے ہی پڑھے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔