جواب:
کریڈٹ کارڈ کے استعمال کی چند صورتیں ہیں: پہلی صورت یہ ہے کہ اگر کوئی بینک یا ادارہ غیرسودی معاہدے کی بناء پر کریڈٹ کارڈ جاری کرے، تو اس کا استعمال بلاشبہ جائز ہے۔ دوسری صورت یہ ہے کہ اگر کوئی ادارہ ایسے معاہدے کی بناء پر کریڈٹ کارڈ جاری کرتا ہے جس میں معین وقت تک قرض کی عدم ادائیگی کی صورت میں کارڈ ہولڈر کو اضافی رقم ادا کرنے کا پابند کیا گیا ہے، اور کارڈ ہولڈر معین وقت سے پہلے قرض کی واپسی کو یقینی بنائے تاکہ سود عائد ہونے کا کوئی امکان باقی نہ رہے۔ اس صورت میں بھی کریڈٹ کارڈ کا استعمال جائز ہوگا۔
مذکورہ بالا دونوں صورتوں کے برعکس تیسری صورت یہ ہے کہ اگر بینک یا ادارہ ایسا معاہدہ کرتا ہے جس میں کارڈ ہولڈر کو ہر صورت میں سودی معاملہ کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں بلاحالتِ اضطرار، کریڈٹ کارڈ کا استعمال جائز نہیں ہوگا۔ اس صورت میں بھی اگر کارڈ ہولڈر، کریڈٹ کارڈ سے اگر کوئی شخص حلال اشیاء خریدتا ہے تو وہ حرام نہیں ہوں گی، بلکہ وہ حلال ہی رہیں گی اور ان کا استعمال بھی درست ہوگا۔ لیکن سودی معاملہ کرنے اور سود ادا کرنے پر وہ گناہ گار ہوگا۔
واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔