انسان کے علاوہ کیا دیگر مخلوقات بھی نماز ادا کرتی ہیں؟


سوال نمبر:396
انسان کے علاوہ کیا دیگر مخلوقات بھی نماز ادا کرتی ہیں؟

  • تاریخ اشاعت: 26 جنوری 2011ء

زمرہ: عبادات  |  عبادات

جواب:

جی ہاں انسان کی طرح دیگر مخلوقات بھی نماز پڑھتی ہیں اس کائنات میں موجود ہر شے خالق کائنات کے نزدیک عبد کا درجہ رکھتی ہے۔ اس اعتبار سے کل جہانوں میں بسنے والی مختلف النوع مخلوق اپنے اپنے انداز سے خالق و مالک کے حضور مصروفِ عبادت ہے۔ قرآن حکیم میں ان کا ذکر ان الفاظ سے کیا جاتا ہے :

 كُلٌّ قَدْ عَلِمَ صَلَاتَهُ وَتَسْبِيحَهُ

النور، 24 : 41

’’ہر ایک (اللہ کے حضور) اپنی نماز اور اپنی تسبیح کو جانتا ہے۔‘‘

اس ارشاد باری تعالیٰ کے مطابق ارضی و سماوی کائنات کا ہر وجود نماز اور تسبیح میں مصروف ہے۔ چونکہ انسان اپنی پیدائش کے اعتبار سے کامل وجود کا حامل ہے اسے عبادت کی وہ قسم عطا ہوئی جو تمام زمین اور آسمانی مخلوقات کی عبادتوں کا مجموعہ ہے۔ نماز کے اندر وہ تمام مظاہر کلی طور پر اکٹھے کر دیے گئے ہیں جو پوری کائنات میں ہر جگہ منتشر حالت میں دیکھے جا سکتے ہیں۔ پرند چرند، حشرات الارض، جمادات، نباتات اورعالم بالا کی مخلوق کی جتنی بھی ممکنہ حالتیں ہو سکتی ہیں ان سب کو سمیٹ کر نماز میں رکھ دیا گیا ہے۔ فضا میں اڑتے ہوئے پرندے، زمین پر چلتے ہوئے حیوانات اور رینگتے ہوئے حشرات قیام اور رکوع، سجود کی حالتوں کے مظہر ہیں، درخت قیام کی حالت میں تو پہاڑ قعود کی صورت میں ایک ہی حالت میں ٹھہرے ہوئے ہیں، عالم بالا میں فرشتے نماز کی صورت میں صف باندھے ہمہ وقت مشغول عبادت ہیں۔ غرض کہ ارض و سماء کی ہر مخلوق اپنے جداگانہ احوال کی مناسبت سے کسی نہ کسی حالت میں مصروفِ عبادت ہے۔ یہاں تک کہ شمع کے گرد منڈلاتا ہوا ننھا پتنگا بھی بقول شاعر :

گرنا تیرے حضور میں اس کی نماز ہے
ننھے سے دل میں لذّتِ سوز و گداز ہے

کے مصداق مصروفِ نماز ہے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔