اللہ تعالیٰ کی صفات کون سی ہیں؟


سوال نمبر:15
اللہ تعالیٰ کی صفات کون سی ہیں؟

  • تاریخ اشاعت: 18 جنوری 2011ء

زمرہ: ایمانیات

جواب:

اللہ تعالیٰ کی بے شمار صفات ہیں جن کا احاطہ نہیں کیا جا سکتا جس طرح اللہ تعالیٰ کی ذات کی کوئی حد اور انتہا نہیں ہے، اسی طرح اس کی صفات کی بھی کوئی حد اور انتہا نہیں۔ اس کی صفات اور کمالات نہ تو ہمارے شمار میں آ سکتے ہیں اور نہ ہی وہ صفات ہو سکتی ہیں جن کو ہم بیان کر سکیں، بلکہ اللہ تعالیٰ کی ذات پاک بے حد اور بے پایاں ہے چنانچہ اللہ تعالیٰ کی صفات جن کا ذکر قرآن مجید میں ہے اجمالاً درج ذیل ہیں :

1. يَعْلَمُ مَا بَيْنَ أَيْدِيهِمْ وَمَا خَلْفَهُمْ وَلَا يُحِيطُونَ بِهِ عِلْمًاO

طه، 20 : 110

’’وہ ان (سب چیزوں) کو جانتا ہے جو ان کے آگے ہیں اور جو ان کے پیچھے ہیں اور وہ (اپنے) علم سے اس (کے علم) کا احاطہ نہیں کر سکتے۔‘‘

2. لَيْسَ كَمِثْلِهِ شَيْءٌ وَهُوَ السَّمِيعُ البَصِيرُO

الشوری، 42 : 11

’’اس جیسا کوئی نہیں اور وہی سنتا دیکھتا ہے۔‘‘

3. لاَّ تُدْرِكُهُ الْأَبْصَارُ وَهُوَ يُدْرِكُ الْأَبْصَارَ وَهُوَ اللَّطِيفُ الْخَبِيرُO

الانعام، 6 : 103

’’نگاہیں اس کا احاطہ نہیں کر سکتیں اور وہ سب نگاہوں کا احاطہ کیے ہوئے ہے اور وہ بڑا باریک بین اور بڑا باخبر ہے۔‘‘

4۔ اس کی ابتداء ہے نہ انتہاء، وہی اول اور وہی آخر ہے، وہی ظاہر اور وہی باطن ہے۔

5۔ اس کے سوا جو کچھ موجود ہے سب اسی کا پیدا کیا ہوا ہے اور وہی ہر ذی روح کو موت دے کر پھر دوبارہ قیامت میں زندہ کرنے والا ہے۔

6۔ وہ کسی کا محتاج نہیں، ساری دنیا اس کی محتاج ہے۔

7۔ وہ جسم اور صفات جسم یعنی کھانے، پینے اور سونے وغیرہ سے پاک ہے۔

8۔ ہر چیز پر اس کی قدرت ہے جو چاہتا ہے کرتا ہے۔

9۔ وہی جلاتا ہے، وہی مارتا ہے، وہی بیمار کرتا ہے اور وہی شفا دیتا ہے۔

10۔ وہی عزت و ذلت دیتا ہے، وہی نفع و نقصان پہنچاتا اور رزق دیتا ہے۔

11۔ اس کا کوئی کام حکمت سے خالی نہیں ہوتا۔

12۔ وہ سب کا مالک و نگہبان اور سب بادشاہوں کا بادشاہ ہے۔

13۔ پرستش و عبادت کی مستحق صرف اسی کی ذات ہے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔