کیا حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نماز جنازہ پڑھائی؟


سوال نمبر:1087
میرا سوال یہ ہے کہ کیا حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نماز جنازہ پڑھائی اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا آخری دیدار کیا تھا؟

  • سائل: محمد طارق گجرمقام: لاہور، پاکستان
  • تاریخ اشاعت: 29 جون 2011ء

زمرہ: نماز جنازہ  |  امامت

جواب:

حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا جنازہ اس طرح تھا کہ ٹولیوں کی صورت میں لوگ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حجرہ مبارک میں حاضر ہوتے اور درود و سلام پڑھتے، البدایہ والنہایہ میں یوں لکھا ہے :

عن ابن عباس قال لما مات رسول الله صلی الله عليه وآله وسلم دخل الرجال فصلوا عليه بغير امام ارسالا حتی فرغوا ثم دخل النساء فصلين عليه ثم دخل الصبيان فصلوا عليه ثم دخل العبيد فصلوا عليه ارسالا لم يا مهم علی رسول الله صلی الله عليه وآله وسلم

(البديه والنهيه، 3 : 232)

ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جب حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا وصال ہوا تو مردوں کو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حجرہ مبارک میں داخل کیا گیا پس انہوں نے بغیر امام کے اکیلے اکیلے درود و سلام پڑھا، پھر عورتوں کو داخل کیا گیا انہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام پڑھا، پھر بچوں کو داخل کیا گیا، پس انہوں نے درود و سلام پڑھا، پھر غلاموں کو داخل کیا گیا انہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام پڑھا، کسی نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر امامت نہیں کروائی۔

آپ رضی اللہ عنہ نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دیدار بھی کیا اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چہرہ انور کا بوسہ بھی لیا۔

فکشف عن وجهه ثم اکب عليه فقبله

(بخاری شريف، 1 : 166)

آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چہرہ انور سے کپڑا ہٹایا، پھر جھک کر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چہرہ انور کو چوم لیا۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: صاحبزادہ بدر عالم جان