جواب:
مومن کے اوصاف جو مختلف احادیث سے اخذ کیے گئے ہیں درج ذیل ہیں :
1۔ مومن وہ ہے جس سے دوسرے اہل ایمان کی جانیں اور اموال محفوظ و مامون ہوں۔
نسائی، 2 : 230
2۔ مومن مومن کا بھائی ہے اس کے لئے جائز نہیں کہ دوسرے بھائی کی خریدی ہوئی چیز کو خریدے اور کسی دوسرے مومن کے سودے پر اس کے بعد سودا کرے، وہ خود چھوڑ دے تو الگ بات ہے۔
مسلم، الصحيح، 1 : 454
3۔ ایمان کے لحاظ سے کامل مومن وہ ہے جس کا خُلق سب سے بہتر ہے۔
مشکوٰة : 433
4۔ مومن پر مومن کے سات حقوق واجب ہیں جو اللہ کی طرف سے عائد کیے گئے ہیں۔
ابن بابويه بحواله منهاج الصالحين : 91
5۔ سچا مومن وہ ہے جو فقیر پر اپنا مال خرچ کرے اور لوگوں کے ساتھ عدل و انصاف سے پیش آئے۔
طحاوي، بحواله منهاج الصالحين : 91
6۔ مومن، مومن کا آئینہ ہے، اسے اس میں عیب نظر آئے تو اصلاح کرے۔
بخاري، بحواله منهاج الصالحين : 91
7۔ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :
’’قسم ہے اس ذات کی جس کے قبضۂ قدرت میں میری جان ہے! مومن کا قتل اللہ کے نزدیک دنیا کے زوال سے بھی بڑا ہے۔‘‘
8۔ اکیلا مومن جماعت کی طرح ہے۔
نسائی، 2 : 145
مومن کے جو اوصاف احادیث مبارکہ کی روشنی میں بیان ہوئے وہ یہ کہ مومن ایک دوسرے کے بھائی اور دست و بازو ہیں، انہیں چاہیے کہ آپس میں مل جل کر رہیں، دوسرے کے دکھ کو اپنا دکھ، اس کی خوشی کو اپنی خوشی جانیں اور ان کی غیبت، عیب جوئی اور دیگر معاشرتی برائیوں سے بچیں۔
واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔