عید کے دن کو ن سے امور بجا لانا مسنون اور مستحب ہیں؟


سوال نمبر:675
عید کے دن کو ن سے امور بجا لانا مسنون اور مستحب ہیں؟

  • تاریخ اشاعت: 15 فروری 2011ء

زمرہ: نماز عیدین

جواب:
عید کے دن مندرجہ ذیل امور بجا لانا مسنون و مستحب ہیں :

  1. مسواک کرنا
  2. غسل کرنا
  3. کپڑے نئے ہوں تو بہتر ورنہ دھلے ہوئے پہننا
  4. خوشبو لگانا
  5. صبح سویرے اُٹھ کر عیدگاہ جانے کی تیاری کرنا
  6. نماز عید الفطر سے پہلے صدقہ فطر ادا کرنا
  7. پیدل عید گاہ جانا
  8. ایک راستے سے جانا اور دوسرے راستے سے واپس آنا۔
  9. نماز عید الفطر کو جانے سے پہلے طاق عدد کھجوروں یا چھواروں کا کھانا یا کوئی اور میٹھی چیز کھالینا۔
  10. عید الاضحی کی نماز سے پہلے کچھ نہ کھانا مستحب ہے۔ اگر قربانی کا گوشت میسر ہو تو نماز عید کے بعد اس کا کھانا مستحب ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس کے بندوں کی ضیافت ہے۔ لیکن اگر کچھ کھا لیا تب بھی کوئی حرج نہیں۔
  11. عیدین کی نماز کسی بڑے میدان میں ادا کرنا سنت ہے۔ لیکن بڑے شہر یا اس جگہ جہاں زیادہ آبادی ہو ایک سے زائد مقامات پر عیدین کے اجتماعات بھی درست ہیں اور میدان کی بھی شرط نہیں۔ بڑی مساجد میں بھی یہ اجتماعات صحیح ہیں جیسا کہ آج کل ہو رہا ہے۔ اس کی اہم وجہ یہ ہے کہ اگر کسی ایک جگہ اجتماع ہوگا تو بہت سے لوگ نماز عید سے محروم رہ جائیں گے، کچھ تو حقیقی مشکلات کی وجہ سے اور کچھ اپنی سستی کے باعث۔
  12. نمازِ عید کے لئے تکبیر تشریق کہتے ہوئے جانا۔ عید الاضحی میں با آواز بلند اور عید الفطر میں آہستہ کہنی چاہئے۔
  13. عیدین کا خطبہ سنت ہے، یہ خطبہ نماز کے بعد ہوگا۔
  14. اگر خطبہ نمازِ عید سے پہلے دیا تو کافی ہے اگرچہ مکروہ ہے بعد میں اعادہ نہیں کیا جائے گا۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔