مسجد کو موسک کہنا کیسا ہے؟


سوال نمبر:6049
مسجد کو موسک (Mosque) کہنا کیسا ہے؟

  • سائل: کاشفمقام: کراچی
  • تاریخ اشاعت: 24 اکتوبر 2022ء

زمرہ: مسجد کے احکام و آداب

جواب:

انگریزی زبان میں مسلمانوں کی عبادت گاہ کیلئے mosque کا لفظ استعمال کیا جاتا ہے، جو عربی زبان کے لفظ مسجد کا لاطینی متبادل ہے۔ آن لائن انگریزی ڈکشنری مریم ویبسٹر نے لفظ موسک (Mosque) کی تعریف یوں کی ہے:

A building used for public worship by Muslims.

’’مسلمانوں کی طرف سے عوامی عبادت کیلئے استعمال ہونے والی عمارت‘‘۔

Merriam-Webster.com Dictionary, s.v. “mosque,” accessed November 8, 2022, https://www.merriam-webster.com/dictionary/mosque.

اسی ڈکشنری میں اس لفظ کی مزید وضاحت اس طرح کی گئی ہے کہ:

’’مساجد (مسلمانوں کی عبادت گاہوں) کا تعارف انگریزی بولنے والی دنیا کو اُس سے بہت پہلے ہوا جب ان کے لیے mosques کا لفظ مستعمل میں نہیں تھا۔ 15 ویں، 16 ویں اور 17 ویں صدیوں میں، ان عبادتگاہوں کیلئے کئی لفظ استعمال ہوئے جیسے moseak, muskey, moschy, mos’keh اور ان کے علاوہ دیگر بھی کئی الفاظ تھے۔ یہاں تک کہ آخرِکار فرانسیسی زبان کی تقلید کرتے ہوئے انہیں mosquee کہا جانے لگا۔ یہ فرانسیسی لفظ اطالوی اور ہسپانوی زبانوں سے ہوتا ہوا معبد کے لیے عربی زبان کے لفظ مسجد سے آیا تھا۔ 1700 کی دہائی کے اوائل میں، اسے موجودہ نام اور موجودہ ہجوں کے ساتھ mosque کہا جانے لگا۔‘‘

اس لیے انگریزی میں بولتے یا لکھتے وقت اس لفظ مسجد کو موسک (Mosque) کہنا جائز ہے۔ محض غیرمسلم بالخصوص مغربی اقوام کی زبان کا لفظ ہونے کی بناء پر اس لفظ کے استعمال کو شکوک شبہات کی نگاہ سے دیکھنا نامناسب اور غیردانشمندانہ رویہ ہے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: محمد شبیر قادری