روزے کے باطنی و روحانی فوائد کیا ہیں؟


سوال نمبر:578
روزے کے باطنی و روحانی فوائد کیا ہیں؟

  • تاریخ اشاعت: 11 فروری 2011ء

زمرہ: عبادات  |  عبادات

جواب:

:  روزے کے باطنی اور روحانی فوائد درج ذیل ہیں :

1۔ روزہ ضعیف روح اور بیمار قلب کے لئے ایک ایسی مجرب دوا ہے جس کے استعمال سے خصوصاً روح میں تقویت و شادابی اور تروتازگی پیدا ہو جاتی ہے۔ اس طرح بندے کی طبیعت نیکیوں کی طرف مائل ہونے لگتی اور برائیوں کے خلاف نفرت پیدا ہوتی ہے۔

2۔ روزہ صائم کو اس قابل بنا دیتا ہے کہ وہ حدود اﷲ اور احکامِ الٰہی کے مطابق اپنے آپ کو ڈھال کر ایک کامیاب دینی زندگی گزار سکے۔

3۔ روزہ دین کے ہر معاملے میں صائم کے اندر صبر و ثبات کی خوبیاں پیدا کرتا ہے جو اسے دین پر قائم رکھتی ہیں اور اﷲ تعالیٰ کے حکم سے انحراف نہیں کرنے دیتیں۔

4۔ روزہ کی وجہ سے تزکیہ نفس اور تصفیہ باطن جیسے پاکیزہ اوصاف پیدا ہوتے ہیں۔

5۔ روزہ دار کو آخرت میں اس نعمت غیر مترقبہ سے نوازا جائے گا۔ جس کے حصول کے لئے شہید بار بار اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے کی آرزو کرے گ۔ روزہ گناہوں اور آگ سے حفاظت کا سبب بنتا ہے۔

6۔ روح اور باطن کو ہر قسم کی آلائشوں سے مزکّٰی اور مصفّی کرنے کے لئے روزے سے بہتر اور کوئی عمل نہیں۔

7۔ اللہ تعالیٰ ہر مومن کی ایک نیکی کا اجر 10 گنا سے بڑھا کر 700 گنا تک عطا فرماتا ہے۔ روزے کی جزا خود باری تعالیٰ دیتے ہیں۔

’’حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمای :

کُلُّ عَمَلِ ابْنِ آدَمَ يُضَاعَفُ الْحَسَنَةُ بِعَشْرِ أَمْثَالِهَا إِلَی سَبْعِمِائَة ضِعْفٍ مَاشَاء اﷲُ، يَقُوْلُ اﷲُ :  إِلاَّ الصّوْمَ فَإِنَّهُ لِی وَ أَنَا أَجْزِی بِهِ.

 ابن ماجه، السنن، کتاب الصيام، باب ما جاء فی فضل الصيام، 2 :  305، رقم :  1638

’’بنی آدم کو ہر نیکی کا اجر دس گنا سے سات سو گنا تک عطا کیا جاتا ہے، جتنا اﷲ چاہے۔اﷲتعالیٰ فرماتا ہے :  سوائے روزہ کے، کیونکہ وہ میرے لئے ہے اور میں ہی اس کی جزا دوں گا۔‘‘

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔