صلوٰۃ التسبیح ادا کرنے کا طریقہ کیا ہے؟


سوال نمبر:523
صلوٰۃ التسبیح ادا کرنے کا طریقہ کیا ہے؟

  • تاریخ اشاعت: 27 جنوری 2011ء

زمرہ: صلاۃ التسبیح  |  عبادات

جواب:

حضرت ابورافع رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت عباس رضی اللہ عنہ سے فرمایا : چچا کیا میں آپ سے محبت کا حق ادا نہ کروں؟ کیا میں آپ کو فائدہ نہ پہنچاؤں؟ کیا میں آپ سے صلہ رحمی نہ کروں؟ انہوں نے عرض کیا : کیوں نہیں یا رسول اﷲ۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : چار رکعت نماز پڑھیں ہر رکعت میں سورۃ فاتحہ پڑھیں جب قرات سے فارغ ہو جائیں تو رکوع سے قبل 15 بار سُبْحَانَ اﷲِ وَالْحَمْدُ ِﷲِ وَلَا اِلٰهَ اِلَّا اﷲُ وَاﷲُ اَکْبَر کہیں، پھر رکوع کریں اور اس میں دس بار، پھر رکوع سے اٹھ کر دس بار، پھر پہلے سجدہ میں دس بار، پھر سجدے سے اٹھ کر دس بار، پھر دوسرے سجدہ میں دس بار، پھر دوسرے سجدے سے اٹھ کر کھڑے ہونے سے قبل دس بار۔ اس طرح ہر رکعت میں 75 بار ہوں گی اور چار رکعت میں 300 بار۔ اگر آپ کے گناہ ریت کے برابر بھی ہوں گے تو (اس نماز کے سبب) اﷲ انہیں معاف فرما دے گا۔ انہوں نے عرض کیا : یا رسول اﷲ! اسے روزانہ پڑھنے کی طاقت کون رکھتا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : مہینہ میں ایک بار ورنہ سال میں ایک بار (پڑھ سکتے ہیں)۔

ابن ماجه، السنن، کتاب إقامة الصلاة والسنة فيها، باب ماجاء فی صلاة التسبيح، 1 : 172. 173، رقم : 1386

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔