کیا عمرہ کی نیت سے احرام باندھنے کے بعد بغیر عمرہ کیے احرام کھولنے پر کفارہ ہے؟


سوال نمبر:5185
ایک شخص نے احرام باندھا اور احرام کی نیت بھی کر لی فلائٹ دو دن لیٹ تھی وہ شخص گھر آ گیا اور سلے ہوئے کپڑے پہن لیے۔ حکم شرع بیان فرمائیں.بینوا و توجروا

  • سائل: محمد ریحان قادریمقام: لاہور
  • تاریخ اشاعت: 31 مارچ 2019ء

زمرہ: احرام کے احکام  |  عمرہ کے احکام و مسائل

جواب:

قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

وَأَتِمُّواْ الْحَجَّ وَالْعُمْرَةَ لِلّهِ فَإِنْ أُحْصِرْتُمْ فَمَا اسْتَيْسَرَ مِنَ الْهَدْيِ.

اور حج اور عمرہ (کے مناسک) اﷲ کے لئے مکمل کرو، پھر اگر تم (راستے میں) روک لئے جاؤ تو جو قربانی بھی میسر آئے (کرنے کے لئے بھیج دو)۔

البقرة، 2: 196

سوال میں مذکور شخص نے چونکہ احرام باندھ کر طواف کیے بغیر اسے کھول کر سلے ہوئے کپڑے پہن لیے ہیں‘ اس لیے اس پر ایک بکرا دم لازم ہے۔ یہ مکہ مکرمہ میں بکرا قربان کرے گا۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: محمد شبیر قادری