کیا ایک جنازگاہ کا ملبہ بیچ کر اس کی قیمت دوسری جنازگاہ پر خرچ کی جاسکتی ہے؟


سوال نمبر:4867
السلام علیکم! کیا ایک جناز گاہ کا ملبہ یا اُس کو بیچ کر قیمت دوسرے مقام پر بنائی گئی جناز گاہ پر خرچ کر سکتے ہیں؟ قرآن وحدیث کی روشنی میں جواب درکا ہے۔

  • سائل: رشیدالرحمانمقام: بنگلہ دیش
  • تاریخ اشاعت: 08 مئی 2018ء

زمرہ: وقف کے احکام و مسائل

جواب:

اسلام کے صدرِ اوّل میں دورِ حاضر کی طرح الگ سے جنازگاہ کے لیے زمین وقف کر کے عمارت تعمیر کرنے کا تصور نہیں تھا۔ چنانچہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وآلہ وسلم نے نمازِ جنازہ مسجد نبوی میں، عیدگاہ میں یا کھلے میدانوں میں ادا کی ہیں۔ تاہم آج کے دور میں جنازگاہ وقف کی ایک صورت ہے۔ فقہاء کرام کے نزدیک ایک وقف کا ملبہ اُسی طرح کے دوسرے وقف پر خرچ کرنا جائز ہے۔ علامہ محمد بن علی المعروف علاؤ الدین حصکفی فرماتے ہیں:

وَصَرَفَ الْحَاکِمُ أَوْ الْمُتَوَلِّي نَقْضَهُ أَوْ ثَمَنَهُ إنْ تَعَذَّرَ إعَادَةُ عَیْنِهِ إلَی عِمَارَتِهِ إنْ احْتَاجَ وَإِلَّا حَفِظَهُ لَهُ لِیَحْتَاجَ إلَّا إذَا خَافَ ضَیَاعَهُ فَیَبِیعَهُ وَیُمْسِکَ ثَمَنَهُ لِیَحْتَاجَ.

وقف کے ملبہ کو بعینہ وقف میں استعمال کرنا ممکن نہ ہو تو حاکم یا متولی اس ملبہ کو وقف کی تعمیر میں استعمال کرے ورنہ اسے محفوظ رکھے اور اگر اس کے ضائع ہونے کا اندیشہ ہو تو اس ملبہ کو بیچ دے اور حاصل ہونے والی قیمت محفوظ رکھے تاکہ وقف کو ضرورت پڑنے پر وہ وقف میں استعمال کی جا سکے۔

حصکفي، الدر المختار، 4: 376-377، بیروت: دار الفکر

بصورت مسئولہ آپ پہلی جناز گاہ کا ملبہ یا اُس کو بیچ کر قیمت دوسری جناز گاہ کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: عبدالقیوم ہزاروی