نمازیوں کی طرف چہرہ کر کے درس دینے کا کیا حکم ہے؟


سوال نمبر:4786
السلام و علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! مفتی صاحب فقہ کی کتابوں میں نماز پڑھنے والے کی طرف چہرہ کر کے بیٹھنا یا باتیں کرنا منع ہے۔ عرض ہے کہ نمازِ‌ فجر کے بعد امام نے درس قرآن دینا ہوتا ہے، جب وہ رخ نمازیوں کی طرف کرتے ہیں تو پیچھے لوگ نماز پڑھ رہے ہوتے ہیں۔ اس صورت درس کا کیا حکم ہوگا؟ اسی طرح نماز جمعہ میں جب امام منبر پہ بیٹھا ہوتا ہے تو بیان کے آخر میں سنتیں پڑھنے کا وقت دیا جاتا ہے، امام کے سامنے ہی کچھ لوگ سنتیں پڑھتے ہیں تو اس صورت میں کیا شرعی حکم ہوگا؟ برائے مہربانی حوالہ کے ساتھ جواب عنایت فرمائیں۔ جزاکم اللہ خیرا

  • سائل: حافظ بلال علی قادریمقام: سیالکوٹ
  • تاریخ اشاعت: 30 نومبر -0001ء

زمرہ: متفرق مسائل

جواب:

نمازِ فجر کے بعد نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اکثر رُخِ انور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہ اجمعین کی طرف کر کے ان سے مخاطب ہوتے اور انہیں وعظ و نصیحت فرماتے۔ حضرت سمرہ بن جُندب رضی اللہ عنہ نے فرمایا:

كَانَ النَّبِيُّ إِذَا صَلَّى صَلاَةً أَقْبَلَ عَلَيْنَا بِوَجْهِهِ.

نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب نماز پڑھ لیتے تو رخ انور کو ہماری طرف فرما لیا کرتے تھے۔

بخاري، الصحيح، كتاب صفة الصلاة، باب يستقبل الإمام الناس إذا سلم، 1: 290، رقم: 809، بيروت، لبنان: دار ابن كثير اليمامة

اور حضرت عریاض بن ساریہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ:

صَلَّى بِنَا رَسُولُ اللَّهِ صَلَاةَ الصُّبْحِ ثُمَّ أَقْبَلَ عَلَيْنَا بِوَجْهِهِ فَوَعَظَنَا مَوْعِظَةً بَلِيغَةً.

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہمیں نماز صبح پڑھائی اور اس کے بعد ہماری طرف متوجہ ہو کر ایک موثر و عمدہ نصیحت فرمائی۔

ابن ماجه، السنن، باب اتباع سنة الخلفاء الراشدين المهديين، 1: 17، رقم: 44، بيروت: دار الفكر

اس لیے نماز کے بعد وعظ و نصیحت اور درس و تدریس کے لیے مقتدیوں کی طرف متوجہ ہونا بھی جائز ہے۔ اسی طرح جمعہ کے روز سنتوں کی ادائیگی کے دوران امام کا منبر پر بیٹھنا بھی ممنوع نہیں ہے۔ فقہائے کرام نے کراہت کا حکم انفرادی طور پر نمازی کی طرف چہرہ کر کے اس انداز سے بیٹھنے پر لگایا ہے جس سے نمازی کا خشوع و خضوع متاثر ہو یا نمازی کے سامنے بیٹھ کر باتیں کرنے کو مکروہ قرار دیا ہے، اجتماعی امور کی ادائیگی میں کراہت کا یہ حکم جاری نہیں ہوگا۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: محمد شبیر قادری