سوال نمبر:458
نماز کے مکروہات تحریمی کون سے ہیں؟
- تاریخ اشاعت: 27 جنوری 2011ء
جواب:
جس نماز میں کوئی مکروہ تحریمی فعل واقع ہو جائے تو اس کا دوبارہ پڑھنا واجب
ہے، نماز میں مکروہات تحریمی درج ذیل ہیں :
- ہر ایسا کام جو نماز میں اﷲ کی طرف سے توجہ ہٹا دے مکروہ ہے۔
- داڑھی، بدن یا کپڑوں سے کھیلنا۔
- اِدھر اُدھر منہ پھیر کر دیکھنا۔
- آسمان کی طرف دیکھنا۔
- کمر یا کولہے وغیرہ پر ہاتھ رکھنا۔
- کپڑا سمیٹنا۔
- سَدْلِ ثوب یعنی کپڑا لٹکانا مثلاً سر یا کندھوں پر اس طرح ڈالنا کہ دونوں کنارے
لٹکتے ہوں۔
- آستین آدھی کلائی سے زیادہ چڑھی ہوئی رکھنا۔
- انگلیاں چٹخانا۔
- بول و براز (پاخانہ / پیشاب) یا ہوا کے غلبے کے وقت نماز ادا کرنا۔ اگر دورانِ
نماز میں یہ کیفیت پیدا ہو جائے اور وقت میں بھی گنجائش ہو تو نماز توڑ دینا واجب
ہے۔
- قعدہ یا سجدوں کے درمیان جلسہ میں گھٹنوں کو سینے سے لگانا۔
- بلاوجہ کھنکارنا۔
- ناک و منہ کو چھپانا۔
- جس کپڑے پر جاندار کی تصویر ہو اس کو پہن کر نماز پڑھنا۔
- کسی کے منہ کے سامنے نماز پڑھنا۔
- پگڑی یا عمامہ اس طرح باندھنا کہ درمیان سے سر ننگا ہو۔
- کسی واجب کو ترک کرنا مثلاً رکوع میں کمر سیدھی نہ کرنا، قومہ یا جلسہ میں
سیدھے ہونے سے پہلے سجدہ کو چلے جانا۔
- قیام کے علاوہ اور کسی جگہ پر قرآن حکیم پڑھنا۔
- رکوع میں قرات ختم کرنا۔
- صرف شلوار یا چادر باندھ کر نماز پڑھنا۔
- امام سے پہلے رکوع و سجود میں جانا یا اٹھنا۔
- قیام کے علاوہ نماز میں کسی اور جگہ قرآن حکیم پڑھنا۔
- چلتے ہوئے تکبیر تحریمہ کہنا۔
- امام کو کسی آنے والے کی خاطر نماز کو بلاوجہ لمبا کرنا۔
- قبر کے سامنے نماز پڑھنا۔
- غصب کی ہوئی زمین / مکان / کھیت میں نماز پڑھنا۔
- الٹا کپڑا پہن / اوڑھ کر نماز پڑھنا۔
- اچکن وغیرہ کے بٹن کھول کر نماز پڑھنا جبکہ نیچے قمیص نہ ہو۔
واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔