کیا اذانِ فجر کے اضافی الفاظ زمانہ رسالت میں بھی موجود تھے؟


سوال نمبر:4085
السلام علیکم مفتی صاحب! میرا سوال یہ ہے کہ فجر کی اذان میں موجود اضافی الفاظ کیا رسول اللہ ﷺ کے زمانے میں بھی مستعمل تھے؟ اگر نہیں‌ تو یہ الفاظ کس نے شامل کیے؟ کیا یہ بدعت ہے؟ نیز یہ بھی راہنمائی فرما دیں کہ جمعہ کا ایک خطبہ اردو میں اور دوسرا عربی میں دیا جاتا تو اس کی کیا وجہ ہے؟ دو خطبوں کے دوران بیٹھنے کے کیا احکام ہیں؟

  • سائل: چوہدری فجرمقام: یونان
  • تاریخ اشاعت: 18 جنوری 2017ء

زمرہ: نماز جمعہ  |  اذان

جواب:

آپ کے سوالات کے بالترتیب جوابات درج ذیل ہیں:

  1. اذان کے آغاز، کلمات، فضائل اور مکمل طریقہ کے بارے میں بہت سی احادیث مبارکہ وارد ہوئی ہیں، لیکن یہاں صرف اذانِ فجر میں اضافی کلمات کے حوالے سے چند روایات درج ذیل ہیں:

عَنْ سَالِمٍ رضی الله عنه عَنْ أَبِيهِ أَنَّ النَّبِيَّ صلی الله عليه وآله وسلم اسْتَشَارَ النَّاسَ لِمَا يُهِمُّهُمْ إِلَی الصَّلَاةِ فَذَکَرُوا الْبُوقَ فَکَرِهَهُ مِنْ أَجْلِ الْيَهُودِ ثُمَّ ذَکَرُوا النَّاقُوسَ فَکَرِهَهُ مِنْ أَجْلِ النَّصَارَی فَأُرِيَ النِّدَاءَ تِلْکَ اللَّيْلَةَ رَجُلٌ مِنْ الْأَنْصَارِ يُقَالُ لَهُ عَبْدُاﷲِ بْنُ زَيْدٍ وَعُمَرُ بْنُ الْخَطَّابِ فَطَرَقَ الْأَنْصَارِيُّ رَسُولَ اﷲِ صلی الله عليه وآله وسلم لَيْلًا فَأَمَرَ رَسُولُ اﷲِ صلی الله عليه وآله وسلم بِلَالًا بِهِ فَأَذَّنَ قَالَ الزُّهْرِيُّ وَزَادَ بِلَالٌ فِي نِدَائِ صَلَاةِ الْغَدَاةِ الصَّلَاةُ خَيْرٌ مِنْ النَّوْمِ فَأَقَرَّهَا رَسُولُ اﷲِ صلی الله عليه وآله وسلم قَالَ عُمَرُ يَا رَسُولَ اﷲِ قَدْ رَأَيْتُ مِثْلَ الَّذِي رَأَی وَلَکِنَّهُ سَبَقَنِي.

حضرت سالم رضی اللہ عنہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے نماز کے لیے جمع کرنے کے طریقہ پر لوگوں سے مشورہ کیا تو انہوں نے بوق کا ذکر کیا، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسے یہود سے نسبت کے باعث برا سمجھا، پھر لوگوں نے ناقوس کا ذکر کیا، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسے نصاریٰ سے تعلق کے باعث برا سمجھا تو ایک انصاری کو یہ اذان خواب میں دکھائی گئی جن کا نام عبد اللہ بن زید رضی اللہ عنہ تھا اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے خواب میں دیکھا انصاری حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس رات ہی کو پہنچے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بلال رضی اللہ عنہ کو حکم دیا، انہوں نے اذان دی۔ زہری کہتے ہیں بلال نے صبح کی نماز میں الصَّلَاةُ خَيْرٌ مِنْ النَّوْم کا اضافہ کیا۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسے برقرار رکھا۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے عرض کیا یا رسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ان کی طرح میں نے بھی خواب دیکھا لیکن یہ مجھ سے سبقت لے گئے۔

ابن ماجه، السنن، 1: 233، رقم: 707، بيروت: دار الفکر

ایک روایت میں ہے:

عَنْ بِلَالٍ رضی الله عنه أَنَّهُ أَتَی النَّبِيَّ صلی الله عليه وآله وسلم يُؤْذِنُهُ بِصَلَاةِ الْفَجْرِ فَقِيلَ هُوَ نَائِمٌ فَقَالَ الصَّلَاةُ خَيْرٌ مِنْ النَّوْمِ الصَّلَاةُ خَيْرٌ مِنْ النَّوْمِ فَأُقِرَّتْ فِي تَأْذِينِ الْفَجْرِ فَثَبَتَ الْأَمْرُ عَلَی ذَلِکَ.

حضرت بلال رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ وہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو صبح کی نماز کی اطلاع دینے کے لیے آئے، معلوم ہوا کہ ابھی حضور محو خواب ہیں، حضرت بلال رضی اللہ عنہ نے کہا: الصَّلَاةُ خَيْرٌ مِنْ النَّوْمِ الصَّلَاةُ خَيْرٌ مِنْ النَّوْمِ (نماز نیند سے بہتر ہے نماز نیند سے بہتر ہے) تو یہ الفاظ صبح کی اذان میں زیادہ کر دیئے گئے اور اسی پر عمل شروع ہو گیا۔

ابن ماجه، السنن، 1: 237، رقم: 716

حضرت ابو محذورہ رضی اللہ عنہ کے والد ماجد سے ان کے والد محترم نے فرمایا کہ میں عرض گزار ہوا: یارسول اﷲ! مجھے اذان کا طریقہ سکھائیے فرمایا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے میری پیشانی پر دست مبارک پھیرا اور فرمایا یوں کہا کرو:

اﷲُ أَکْبَرُ اﷲُ أَکْبَرُ اﷲُ أَکْبَرُ اﷲُ أَکْبَرُ تَرْفَعُ بِهَا صَوْتَکَ ثُمَّ تَقُولُ أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اﷲُ أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اﷲُ أَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اﷲِ أَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اﷲِ تَخْفِضُ بِهَا صَوْتَکَ ثُمَّ تَرْفَعُ صَوْتَکَ بِالشَّهَادَةِ أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اﷲُ أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اﷲُ أَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اﷲِ أَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اﷲِ حَيَّ عَلَی الصَّلَاةِ حَيَّ عَلَی الصَّلَاةِ حَيَّ عَلَی الْفَلَاحِ حَيَّ عَلَی الْفَلَاحِ فَإِنْ کَانَ صَلَاةُ الصُّبْحِ قُلْتَ الصَّلَاةُ خَيْرٌ مِنْ النَّوْمِ الصَّلَاةُ خَيْرٌ مِنْ النَّوْمِ اﷲُ أَکْبَرُ اﷲُ أَکْبَرُ لَا إِلَهَ إِلَّا اﷲُ.

اﷲ بہت بڑا ہے، یہ بلند آواز سے کہنا پھر کہنا میں گواہی دیتا ہوں کہ نہیں کوئی معبود مگر اﷲ، میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد اﷲ کے رسول ہیں، میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد اﷲ کے رسول ہیں، یہ کہتے ہوئے آواز پست رکھنا، پھر بلند آواز سے شہادت دینا میں گواہی دیتا ہوں کہ نہیں کوئی معبود مگر اﷲ، میں گواہی دیتا ہوں کہ محمداﷲ کے رسول ہیں، میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد اﷲ کے رسول ہیں، آؤ نماز کی طرف، آؤ نمازکی طرف، آؤ نجات کی طرف، آؤ نجات کی طرف اگر وہ صبح کی نماز ہو تو کہے: الصَّلَاةُ خَيْرٌ مِنْ النَّوْمِ الصَّلَاةُ خَيْرٌ مِنْ النَّوْمِ (نماز نیند سے بہتر ہے نماز نیند سے بہتر ہے)، اﷲ بہت بڑا ہے، اﷲ بہت بڑا ہے۔ نہیں کوئی معبود مگر اﷲ۔

أبي داود، السنن، 1: 233، رقم: 707، دار الفکر

مذکورہ بالا احادیث مبارکہ سے معلوم ہوا کہ اذانِ فجر میں اضافی کلمات حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت سے ثابت ہیں، بعد میں شامل نہیں کئے گئے۔

  1. حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جمعہ کے دن اذان کے بعد منبر پر جلوہ افروز ہو کر دو خطبے ارشاد فرماتے اور دونوں کے درمیان بیٹھتے تھے۔ احادیث مبارکہ میں ہے:

عَنْ عَبْدِ اﷲِ بْنِ عُمَرَ قَالَ کَانَ النَّبِيُّ صلی الله عليه وآله وسلم يَخْطُبُ خُطْبَتَيْنِ يَقْعُدُ بَيْنَهُمَا.

حضرت عبد اﷲ بن عمر رضی اللہ عنہما نے فرمایا: حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دو خطبے دیا کرتے اور ان کے درمیان بیٹھا کرتے۔

  1. بخاري، الصحيح، 1: 314، رقم: 886، بيروت، لبنان: دار ابن کثير اليمامة
  2. أحمد بن حنبل، المسند، 2: 98، رقم: 5726، مصر: مؤسسة قرطبة

عَنْ جَابِرِ بْنِ سَمُرَةَ رضی الله عنه قَالَ کَانَتْ لِلنَّبِيِّ صلی الله عليه وآله وسلم خُطْبَتَانِ يَجْلِسُ بَيْنَهُمَا يَقْرَأُ الْقُرْآنَ وَيُذَکِّرُ النَّاسَ.

حضرت جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دو خطبے دیتے تھے ان کے درمیان آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بیٹھتے (خطبہ میں) آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم قرآن مجید پڑھتے اور لوگوں کو نصیحت کرتے۔

  1. مسلم، الصحيح، 2: 589، رقم: 862، بيروت، لبنان: دار احياء التراث العربي
  2. أحمد بن حنبل، المسند، 5: 94، رقم: 20916

عَنِ ابْنِ عُمَرَ قَالَ کَانَ النَّبِيُّ صلی الله عليه وآله وسلم يَخْطُبُ خُطْبَتَيْنِ کَانَ يَجْلِسُ إِذَا صَعِدَ الْمِنْبَرَ حَتَّی يَفْرَغَ أُرَاهُ قَالَ الْمُؤَذِّنُ ثُمَّ يَقُومُ فَيَخْطُبُ ثُمَّ يَجْلِسُ فَلَا يَتَکَلَّمُ ثُمَّ يَقُومُ فَيَخْطُبُ.

حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما نے فرمایا کہ حضورنبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دو خطبے دیا کرتے اور منبر پر جلوہ افروز ہوکر بیٹھے رہتے یہاں تک کہ مؤذن فارغ ہو جاتا پھر کھڑے ہو کر خطبہ دیتے پھر بیٹھ جاتے اور کسی سے کلام نہ کرتے پھر کھڑے ہو کر دوسرا خطبہ دیتے۔

  1. أبي داود، السنن، 1: 286، رقم: 1092
  2. بيهقي، السنن الکبری، 3: 205، رقم: 5538، مکة المکرمة: مکتبة دار الباز

عربی سمجھنے والوں کے لئے تو عربی خطبہ میں ہی وعظ ونصیحت کیا جاتا ہے کیونکہ خطبہ کا مقصد وعظ و نصیحت ہے۔ لیکن غیرعربی لوگوں کو عربی کی سمجھ نہیں ہوتی اس لئے اُنہی کی زبان میں پہلے وعظ نصیحت اور اذان کے بعد حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت پر عمل کرتے ہوئے عربی میں مختصر خطبہ دینا شرط ہے۔ عربی خطبہ دو حصوں پر مشتمل ہوتا ہے اس کے پہلے اور دوسرے حصے کے درمیان بیٹھنا لازم ہے کیونکہ حضورe کا یہی عمل مبارک تھا۔ پہلی اذان کے بعد اردو، انگلش، فارسی یا ضرورت کے مطابق کسی بھی لوکل زبان میں وعظ ونصیحت بیٹھ کر یا کھڑے ہو کرنے میں کوئی پابندی نہیں ہے اصل مقصد لوگوں کو دین اسلام سے آگاہ کرنا ہے لیکن عربی خطبہ کھڑے ہو کر دو حصوں میں دینا اور درمیان میں بیٹھنا شرط ہے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: محمد شبیر قادری