کیا نانا کی وراثت میں‌ نواسے کو حصہ ملے گا؟


سوال نمبر:3918
السلام علیکم! پاکستان کے قانون کے مطابق نواسوں کو نانا کی وراثت میں حصہ ملتا ہے، جبکہ علماء کے نزدیک والدہ پہلے فوت ہو جائے تو نانا کی وراثت سے نواسوں کو کچھ نہیں ملے گا۔ اس صورت حال میں ملکی قانون کے تحت نانا کی جائیداد میں سے حصہ لینا جائز ہے؟

  • سائل: ‌محمد علیمقام: سعودی عرب
  • تاریخ اشاعت: 12 مئی 2016ء

زمرہ: تقسیمِ وراثت

جواب:

تقسیمِ وراثت کے شرعی اصولوں کے مطابق نانا کی وراثت میں نواسے کا حصہ مقرر نہیں ہے۔ یہ اس وقت حصہ پاتا ہے جب اس سے قریبی ورثاء موجود نہ ہوں۔ اگر نانا کے ورثاء میں اصحاب الفرائض (باپ، دادا، مادری بھائی، بیوی، ماں، سگی دادی و نانی، بیٹی، پوتی/ پڑپوتی، حقیقی بہن، پدری بہن، مادری بہن) اور عصبات (بیٹا‘ اس کی عدم موجودگی میں پوتا پھر پڑپوتا، باپ‘ اس کی عدم موجودگی میں دادا پھر پڑدادا، بھائی‘ اس کی عدم موجودگی میں بھتیجا، چچا‘ اس کی عدم موجودگی میں چچا کا بیٹا) میں سے کوئی نہ ہو تو ذوی الارحام کی حیثیت سے نواسے اور نواسی کو لِلذَّكَرِ مِثْلُ حَظِّ الأُنثَيَيْنِ کی تقسیم سے حصہ ملے گا یعنی دو حصے نواسے کو اور ایک حصہ نواسی کو ملے گا۔

اگر قریبی ورثاء اپنی رضامندی سے نواسے کو کچھ دینا چاہیں تو لینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: محمد شبیر قادری