جبریل نام رکھنا کیسا ہے؟


سوال نمبر:3757
السلام علیکم! سید جبرئیل نام رکھنا کیسا ہے؟ کیا فرشتوں‌ کے ناموں‌ پر نام رکھے جاسکتے ہیں؟ راہبری فرمائیں

  • سائل: ڈاکٹر محمد اسلم فاروقیمقام: حیدرآباد، تلنگانہ، انڈیا
  • تاریخ اشاعت: 18 نومبر 2015ء

زمرہ: اسلامی نام

جواب:

اسلام نے نومولود کے حقوق کے باب میں اُسے پیارا سا نام دینے کا حق یہ بھی شامل کیا ہے۔ زمانہ جاہلیت میں عرب اپنے بچوں کے عجیب و غریب نام رکھا کرتے، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایسے ناموں کو ناپسند فرمایا اور خوبصورت نام رکھنے کا حکم دیا۔ امام طوسی روایت کرتے ہیں:

جاء رجل الیٰ النبی صلیٰ الله عليه وآله وسلم فقال يارسول الله ماحق ابنی هٰذا؟ قال (صلیٰ الله عليه وآله وسلم) تحسن اسمه و ادبه و صنعه موضعاً حسناً

’’ایک شخص رسول اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں حاضر ہوکر عرض گزار ہوا: یارسول اللہ (صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم)! میرے اس بچے کا مجھ پر کیا حق ہے؟ آپ (صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا: تو اس کا اچھا نام رکھ، اسے آداب سکھا اور اسے اچھی جگہ رکھ (یعنی اس کی اچھی تربیت کر)۔‘‘

محمد بن احمد صالح، الطفل في الشريعة الاسلامية : 74، قاهرة، مصر

حضرت ابودرداء رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:

إنکم تدعون يوم القيامة بأسمائکم و أسماء آبائکم، فأحسنوا أسمائکم.

’’روزِ قیامت تم اپنے ناموں اور اپنے آباء کے ناموں سے پکارے جاؤ گے اس لیے اپنے نام اچھے رکھا کرو۔‘‘

  1. ابوداؤد، السنن، کتاب الأدب، باب في تغير الاسماء، 4 : 287، رقم : 4948
  2. احمد بن حنبل، المسند، 5 : 194
  3. دارمي، السنن، 2 : 380 رقم : 2694

اسی طرح حضرت ابو وہب جشمی رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:

تسمو بأسماء الأنبياء، و أحب الأسماء إلي اﷲ عبد اﷲ و عبد الرحمن، و أصد قها حارث و همام، و أقبحها حرب و مرة.

’’انبیائے کرام کے ناموں پر اپنے نام رکھا کرو اور اﷲ تعالیٰ کو تمام ناموں میں سے ’عبداﷲ‘ اور ’عبدالرحمٰن‘ زیادہ پسند ہیں۔ سب ناموں سے سچے نام ’حارث‘ اور ’ہمام‘ ہیں جب کہ سب سے برے نام ’حرب‘ اور ’مرہ‘ ہیں۔‘‘

  1. ابوداؤد، السنن، کتاب الأدب، باب في تغير الاسماء، 4 : 287، رقم : 4950
  2. نسائي، السنن، کتاب الخيل، باب مايستحب، 6 : 218، رقم : 3565
  3. نسائي، السنن الکبريٰ، 3 : 37، رقم : 4406

سید جبرائیل نام رکھا جاسکتا ہے، شرعاً ممنوع نہیں ہے۔ لیکن ہمارے معاشرے میں یہ نام غیرمانوس ہے۔ اس لیے بہتر ہے کہ کوئی دوسرا بامعنیٰ نام رکھیں۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: عبدالقیوم ہزاروی