کیا سیدنا علیؒ کی صاحبزادی، حضرت عمرؓ کی زوجہ ہیں؟


سوال نمبر:3614
السلام علیکم! تاریخ‌ طبری میں مروی ایک روایت کے مطابق حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کا نکاح حضرت سیدنا علی علیہ السلام کی صاحبزادی سے ہوا۔ اہلِ السنہ اس روایت کو بہت زیادہ بیان کرتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ نانا اپنی نواسی سے کیسے نکاح‌ کر سکتا ہے؟ کیونکہ حضرت عمرؓ رسول اکرم صلیٰ‌ علیہ وسلم کے سسر ہیں، اور سیدنا علیؓ کی صاحبزادی حضور کی نواسی ہیں۔

  • سائل: محمد عامرمقام: پاکستان
  • تاریخ اشاعت: 19 مئی 2015ء

زمرہ: خلفائے راشدین و صحابہ کرام  |  فضائل و مناقبِ‌ اہلبیتِ اطہار

جواب:

رسول اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زوجہ مطہرہ حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے بطنِ مبارک سے حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا نے جنم لیا اور حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کی شادی حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے ہوئی، پھر حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کے بطن میں حضرت امِ کلثوم رضی اللہ عنہا پیدا ہوئیں۔ سیدہ امِ کلثوم بنت علی رضی اللہ عنہما کا نکاح حضرت عمر فاروق رضی اللہ سے ہوا، جبکہ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کی صاحبزادی حضرت حفصہ رسول اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نکاح میں تھیں۔ ان کے بطن مبارک سے آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی کوئی اولاد پیدا نہیں ہوئی۔

اس لیے سیدہ امِ کلثوم بنت علی رضی اللہ عنہما حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی نواسی یا نواسی کی بیٹی نہیں ہیں۔ شرعاً اس نکاح میں کوئی روکاوٹ نہیں ہے۔ قرآن و حدیث کی تعلیمات کی روشنی میں حضرت امِ کلثوم بنت علی رضی اللہ عنہما، سیدنا عمر فاروق کی محرم نہیں بنتیں۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: محمد شبیر قادری