کیا ذوالجناح کے ماتھے میں برکت ہے؟


سوال نمبر:3063
السلام علیکم میں یہ پوچھناچاہتا ہوں کیا حدیث سے کوئی ایسی بات ثابت ہے کہ ذوالجناح کے ماتھے میں برکت ہے؟

  • سائل: خرم صدیقمقام: لاہور
  • تاریخ اشاعت: 09 اپریل 2014ء

زمرہ: متفرق مسائل

جواب:

احادیث مبارکہ میں گھوڑوں کی پیشانیوں کے بارے میں ہے:

عن عبد الله بن عمر رضی الله عنه قال قال رسول الله صلی الله علیه وآله وسلم : الخیل فی نواصیها الخیر الی یوم القیامة.

حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: گھوڑوں کی پیشانیوں کے ساتھ قیامت تک خیر وبرکت وابستہ رہے گی۔

  1. بخاری، الصحیح، 3 : 1047، رقم : 2694، دار ابن کثیر الیمامۃ بیروت
  2. مسلم، الصحیح، 3 : 1492، رقم : 1871، دار احیاء التراث العربی بیروت

ایک اور روایت میں ہے :

عن عروة بن الجعد عن النبی صلی الله علیه وآله وسلم قال الخیل معقود فی نواصیها الخیر الی یوم القیامة.

حضرت عروہ بن الجعد، نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا : گھوڑوں کی پیشانیوں پر قیامت تک کے لیے برکت (بھلائی) لکھ دی گئی ہے۔

  1. بخاری، الصحیح، 3 : 1047، رقم : 2695
  2. مسلم الصحیح، 3 : 1493، رقم : 1873

بخاری ومسلم کے علاوہ بھی ان روایات کودوسرے محدثین نے روایت کیا ہے۔

جہاں تک ذوالجناح کا تعلق ہے یہ برکت اس کے ساتھ خاص نہیں ہے بلکہ احادیث مبارکہ کے مطابق ہر گھوڑے کی پیشانی میں رکھ دی گئی ہے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: عبدالقیوم ہزاروی