اس وقت تحریک منہاج القرآن ایک ہمہ گیر تحریک ہونے کے ناطے کیا کردار ادا کر رہی ہے؟


سوال نمبر:305
اس وقت تحریک منہاج القرآن ایک ہمہ گیر تحریک ہونے کے ناطے کیا کردار ادا کر رہی ہے؟

  • تاریخ اشاعت: 24 جنوری 2011ء

زمرہ: عقائد  |  ایمانیات  |  معاملات  |  روحانیات

جواب:

شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے غلبۂ دین حق کی بحالی اور امت مسلمہ کے احیاء و اتحاد کی خاطر عالمگیر انقلاب محمدی کے لئے 17 اکتوبر 1980ء کو تحریک منہاج القرآن کی بنیاد رکھی۔ تب سے تحریک کی جدو جہد کا دائرہ کار درج ذیل نکات پر مشتمل ہے۔

  1.  اصلاحِ احوالِ امت
  2.  تجدید و احیائے دین
  3.  فروغ تعلیم و بیداری شعور
  4.  عالمگیر اتحادِ امت
  5.  دعوت و افکار اسلامیہ کی تشکیل نو
  6.  بین المذاہب رواداری اور امنِ عالم کا قیام
  7.  فلاح و بہبود انسانی

2۔ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر جدوجہد

ان مقاصد کے لئے تحریک پاکستان کے 15 کروڑ عوام تک دعوتی، تربیتی اور تنظیمی پروگراموں کے ساتھ شہر شہر، گاؤں گاؤں پیغام انقلاب پہنچانے میں مصروف ہے جبکہ اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم سے دنیا بھر کے 80 سے زائد ممالک میں تحریک انہی جہتوں میں پوری طرح فعال ہے۔ ان ممالک میں براعظمی، ملکی اور شہری سطح کی تنظیمات کا باقاعدہ نیٹ ورک موجود ہے اور دعوت و تبلیغ، تعلیم و تربیت اور فلاح و بہبود کے شعبوں میں کام ہو رہا ہے۔

3۔ دعوت و تربیت اور تجدید و احیائے دین

بانی تحریک کی ہزاروں موضوعات پر آڈیو، ویڈیو کیسٹس اور سی ڈیز ملک میں اور بیرون ممالک جہاں جہاں تنظیمات قائم ہیں پہنچانے کا وسیع نظام ہے اس کے علاوہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تین سو سے زائد کتب بھی منظر عام پر آچکی ہیں جو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر قارئین تک پہچائی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ ملکی اور غیر ملکی شخصیات دروس قرآن پر منظم کام کر رہی ہیں جبکہ تحریک کے مرکز پر گوشۂِ درود قائم کیا گیا ہے جہاں پر 24 گھنٹے روزہ دار رفقائے تحریک درود پاک پڑھنے میں مصروف رہتے ہیں اور ملکی و غیر ملکی تنظیمات بھی درود پاک پڑھ کر مرکز پر ارسال کر دیتی ہیں۔ ماہانہ ختم درود کے موقع پر بارگاہ رسالت میں قبولیت کے لئے پیش کیا جاتا ہے۔ اس طرح تزکیہ نفس اور اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لئے ہمہ گیر کام ہو رہا ہے۔

4۔ فروغ تعلیم کے وسیع منصوبہ جات

منہاج ایجوکیشن سوسائٹی و منہاج یونیورسٹی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر بیداری شعور کے لئے 500 سے زائد ماڈل سکولز، کالجز، لائبریریز اور ایک چارٹرڈ یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے۔ ان تعلیمی اداروں کے قیام کا بنیادی مقصد طلباء و طالبات میں تعلیم اور شعور کو فروغ دینا ہے۔ یہ ادارے علوم عصریہ و شریعہ کا حسین نمونہ ہیں۔ سکولوں اور کالجوں کی نگرانی کے لئے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کام کر رہی ہے۔ منہاج یونیورسٹی میں 3500 طلبہ 4 ماڈل کالجز میں 5182 طلباء و طالبات 310 ماڈل سکولز میں 42000 اور 225 پبلک سکولوں میں 28000 طلبہ زیرِ تعلیم ہیں۔

5۔ منہاج ویلفیئر سوسائٹی

فلاح و بہبود کے اہداف کے حصول کے لئے منہاج القرآن ویلفیئر سوسائٹی ایک فعال اور متحرک فورم ہے جو خدمت کے سفر میں قدم قدم ایثار و قربانی اور خلوص و محبت کا مظاہرہ کر رہا ہے اور ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مصروفِ جدوجہد ہے۔

سالانہ فری آئی کیمپ میں 800 سے زائد مریض شفا یاب ہو چکے ہیں جبکہ 100 سے زائد ڈسپنسریز اور بلڈ بینکس مصروفِ عمل ہیں۔ یتیم اور بے سہارا بچوں کی نگہداشت اور نشوونما کے لئے آغوش کے نام سے ادارہ زیرِ تکمیل ہے۔ منہاج ویلفیئر سوسائٹی قدرتی آفات کا مقابلہ کرنے کے لئے وسیع بین الاقوامی سطح پر جدوجہد میں شب و روز مصروف ہے اور زلزلہ، قحط، سیلاب زدگان اور مہاجرین کی خدمت کے لئے اب تک افغانستان، بوسنیا، بام (ایران) اور حالیہ زلزلہ آزاد کشمیر و صوبہ سرحد میں کروڑوں روپے مالیت کی امداد سے مطلوبہ سہولیات فراہم کرکے دکھی انسانوں کی خدمت کا فریضہ سر انجام دے چکی ہے جبکہ دور افتادہ علاقوں میں پانی کی فراہمی کے لئے 250 پمپ نصب کرائے گئے۔ ساڑھے تین کروڑ سے زائد روپے اجتماعی شادیوں، جہیز فنڈ اور ناداروں کی امداد کے لئے خرچ کئے گئے۔ منہاج سٹوڈنٹ ویلفیئر بورڈ کے تحت منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں علم حاصل کرنے والے غریب مگر لائق اور مستحق ہزاروں طلبہ کے لئے لاکھوں روپے کے تعلیمی اخراجات ادا کئے جاتے ہیں۔

تحریک منہاج القرآن کے شعبہ جات

تحریک منہاج القرآن میں ہر شعبۂ زندگی کی نمائندگی دینے کے لئے افراد کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، ملک و ملت کو ان قابلیتوں سے استفادہ کرنے اور اجتماعی قوت ابھارنے کے لئے علماء کونسل، یوتھ لیگ، ویمن لیگ، ریسرچ انسٹیٹیوٹ اور مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

رفقاء، اراکین و وابستگان

تحریک منہاج القرآن ایسی تحریک ہے جس کے رفقاء، اراکین و وابستگان کی تعداد لاکھوں میں ہے او اس کے رفقاء و اراکین کے لئے عمر و جنس کی کوئی قید نہیں۔ ان میں مرد عورتیں بچے بوڑھے سب شامل ہیں جن کا تعلق نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک سے بھی ہے۔

تنظیمی و انتظامی ڈھانچہ

تحریک منہاج القرآن کا لائحہ عمل اور طریق کار بنیادی طور پر جمہوری نوعیت کا ہے جو باقاعدہ تنظیمی و انتظامی نظم کے تحت رُوبہ عمل ہے۔ اس کام کو سائنسی بنیادوں پر سرانجام دینے کے لئے مختلف نظامتیں کام کر رہی ہیں مثلاً نظامتِ تنظیمات، نظامتِ دعوت و تربیت، نظامتِ تعلیمات، نظامتِ تعمیرات، نظامتِ مالیات، نظامتِ تحقیق و تبلیغات، نظامتِ ابلاغیات، نظامتِ امور خارجہ، نظامتِ منصوبہ بندی و ترقیات اور نظامتِ شماریات وغیرہ۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔