کیا نکاح فارم کے علاوہ میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ضروری ہے؟


سوال نمبر:2852
السلام علیکم نکاح فارم کے علاوہ Marriage Registration Certificate کا حاصل کرنا ضروری ہے؟ جبکہ دونوں رجسٹرڈ ہوتے ہیں؟ میں نے ایک سہیلی کے دونوں فارم دیکھے ہیں۔ جبکہ میرے پاس ایک ہی نکاح فارم ہے؟ کیا میرا نکاح منعقد ہوا ہے؟ جبکہ شادی کو دو ماہ ہو گئےہیں؟

  • سائل: سونیا نیازمقام: گوجر خان
  • تاریخ اشاعت: 14 اکتوبر 2013ء

زمرہ: نکاح

جواب:

شرعی طور پر نکاح کے منعقد ہونے کے لیے فارم یا کوئی اور سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اگر تحریری طور پر کوئی دستاویز تیار نہ بھی کریں تو نکاح قائم ہو جاتا ہے۔ پہلے زمانوں میں یہ نکاح نامہ وغیرہ نہیں ہوتا تھا۔ یہ تو آج کل قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے ضروری ہوتا ہے۔ کیونکہ طرح طرح کے دھوکے باز پیدا ہو چکے ہیں اور پھر لوگ مختلف ممالک میں مختلف ضروریات کے لیے جاتے ہیں، ساتھ بیوی کو بھی لے جانا چاہیں تو قانونا کاغذی کاروائی مکمل کرنے کے لیے تحریری ضرورت پڑتی ہے یا پھر کسی بھی معاملے میں نکاح نامہ کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ کیونکہ آبادی میں اضافے کی وجہ سے ایک شہر کے لوگ بھی سب کو نہیں جانتے۔ اگر کوئی عورت کسی مرد کے ساتھ جا رہی ہو تو ان سے ثبوت مانگا جا سکتا ہے تاکہ غلط کاموں سے معاشرے کو بچایا جا سکے۔ نہیں تو ہر غلط کام کرنے والا پکڑا جانے پر یہ کہہ سکتا ہے کہ ہمارا نکاح ہوا ہے۔ لہذا آپ کا نکاح اگر آپ دونوں کی رضامندی سے بعوض حق مہر دو گواہوں کی موجودگی میں ہوا ہے تو منعقد ہو گیا ہے، آپ فکر نہ کریں۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: محمد شبیر قادری