سرمایہ کار کو اپنے کاروبار میں کن شرائط کے ساتھ شامل کیا جائے؟


سوال نمبر:2319
السلام علیکم ہمارا کمپیوٹر ایمبرائیڈری کا کام ہے۔ اس کام میں بڑی مشینری لی جاتی ہے۔ اس میں انویسٹ کی حاجت رہتی ہے۔ ہم جس سے رقم لینا چاہتے ہیں وہ اس کام میں ہمارے ساتھ پارٹنر شپ کرنا چاہتے ہیں۔ ہمارے جاری کام میں (اس وقت تین مشینیں موجود ہیں۔ فی مشین 3350000 کی ہے) انویسٹر کو کس طرح اور کن شرائط کے تحت شامل کیا جا سکتا ہے؟ اور اس طرح کی ہیوی مشینری میں قبضہ کی کیا صورت ہوتی ہے؟ فوری جواب دے کر ہماری الجھن دور کر دیں تاکہ ہم شریعت کی روشنی میں کام کر سکیں۔

  • سائل: حنیفمقام: کراچی، پاکستان
  • تاریخ اشاعت: 15 جون 2013ء

زمرہ: مشارکت

جواب:

آپ لوگ انویسٹر کے ساتھ نفع ونقصان کی شراکت کے ساتھ پارٹنرشپ کریں۔ انویسٹمنٹ کرنے سے پہلے معاہدہ کر لیں کہ اس رقم سے آنے والے منافع یا نقصان میں فریقین فلاں فلاں نسبت سے شامل ہوں گے۔ وہ نسبت فریقین بیٹھ کر طے کر لیں جو دونوں کے لیے مناسب ہو۔ مثلا ایک شخص آپ لوگوں کو دس لاکھ روپے دیتا ہے، وہ آپ لوگوں کے ساتھ کام بالکل نہیں کرتا، صرف پیسے دیتا ہے تو آپ اس کے ساتھ طے کر لیں کہ جو بھی منافع آئے گا اس کا دس فیصد ہم مزدوری رکھیں گے باقی منافع آدھا آدھا کر لیں گے۔ اگر نقصان ہوا تو وہ بھی اسی نسبت سے فریقین برداشت کریں گے وغیرہ۔

مشینوں کے معاملہ میں بھی انوسٹر کے ساتھ طے کر لیں کہ یہ مشین ہم مل کر خرید رہے ہیں، اس سے آنے والے منافع کی نسبت ہم کس طرح تقسیم کر لیں گے اور اس پر اٹھنے والے اخراجات کس کے ذمہ ہوں گے۔ ساری باتیں تحریری طور پر ثبوت ہونا چاہیے تاکہ بعد میں کوئی مسئلہ پیش نہ آئے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: عبدالقیوم ہزاروی