شوہر کے ناجائز تعلقات پر بیوی کو کیا کرنا چاہیے؟


سوال نمبر:1832
السلام و علیکم میں اللہ پاک سے معافی مانگتی ہوں میرا مقصد صرف اپنی پریشانی کا حل ڈھونڈنا ہے میرے شوہر کی کردار کشی ہرگز نہیں۔ میری شادی خاندان سے باہر ہوئی ہے اور میرے شوہر پاکستان سے باہر رہتے ہیں۔ شادی سے پہلے ان کا کردار ٹھیک نہیں تھا۔ لیکن شادی کے بعد وہ کہتے ھیں کہ میں بلکل ٹھیک ہو گیا ہوں۔ شادی کے بعد کسی عورت کے پاس بھی نہیں گیا۔ کچھ ماہ پہلےمیری بیٹٰی ہوئی ہے (الحمدللہ) جب میں ہسپتال میں تھی تو میرے شوہر مجھ سے ملنے آئے میرے فون کی بیٹری ختم ہو گئ تو یہ اپنا فون مجھے دے کہ میرا لے آئے ایسا کرنے سے پہلے وہ اپنے دوسرے فون پہ کال ٹرانسفر سیٹ کر دیتے ہیں مگر اس دن شاید وہ بھول گئے۔ ان کے جانے کے بعد ایک کال آئی میں نے اٹھائی تو میرے بولتے ہی کچھ دیر خاموشی رہنے کے بعد کال بند ہو جائے۔ ایسا بار بار ہوتا رہا تو اچانک ایک عورت بولی اور غصہ سے کہتی تم کون ہو اور اس کا فون کیوں اٹھاتی ہو میں نے کہا تم کون ہو تو اس نے کال بند کر دی۔ ایسا وہ بار بار کرتی رہی میں نے کسی سے کچھ نہ کہا نہ اپنے شوہر سے ڈرتے کوئی بات کی۔ مگر بہت پریشان ہو گئی۔ جب میں گھر آئی تو اسی طرح بار بار کال آئے جو اسی لڑکی کی تھی میرے شوہر اسے دیکھ کت رجیکٹ کر دیں، وہ بار بار کرتی رہی تو میرے شوہر نے فون آف کر دیا اور باہر چلے گئے میں نے فون آن کر دیا دوبارہ کال آئی میں نے اٹھا لی تو میرے بولتے ہی اس عورت نے کہا تم کون ہو، تم نے کال کیوں اٹھائی میں نے کہا تم میرے شوہر کو کال کیوں کر رہی ہو تو اس عورت نے کہا اس (میرے شوہر) نے تو مجھے نہیں بتایا کہ وہ شادی شدہ ہے تم اس کی گرل فرینڈ ہو سکتی ہو بیوی نہیں۔ میں نےگھبرا کے فون بند کر دیا۔ اس نے دبارہ کال کی تو میں فون لے کے اپنے شوہر کے پاس گئ اور لاوڈ سپیکر آن کر کے ان کو کہا بولیں ان کو اندازا نہیں تھا کہ فون پر کون ہے۔انہوں نے جونہی ہیلو کہا وہ بولنے لگی کہ میرا فون کیوں نہیں اٹھاتے مجھے بھول گئے ہو؟ انہوں نے کہا میں تمہیں نہیں جانتا اور جلدی سے کال بند کر دی اور مجھے لڑنے لگے کہ تم نے کیوں کال اٹھائی۔ اس کے بعد میں بہت پیشان ہو گئی کہ ان کے شاید کیسی سے تعلقات ہیں؟ پر کافی دن جھگڑا رہنے کے بعد میرے شوہر نے قرآن پاک اپنے سر پہ رکھ کہ کہا کہ یہ فون کہ بل لینے والی لڑکی ہےکسی دوست نے ان کا نمبر اور ایڈریس اور نمبر دے کے فون لگوایا تھا اور کافی ماہ کا بل نہیں دے رہا یہ مجھے کال کرتی ہے توایک دن میں نے اس کو غصہ کیا کے اس کو کال کرو مجھے نہیں تب سے یہ جان بوجھ کہ مجھے تنگ کر رہی ہے۔ میرا اس سے کوئی تعلق نہیں نہ کسی اور سے ہے۔ ان کے قرآن پاک پر حلف کہ بعد میرے دل سے وہ بات نکل گئی اس بات کو سات ماہ ہونے والے ہیں۔ اب وہ مجھے پاکستان بھیج رہے ہیں اور بار بار کہتے ہیں پانچ، چھ ماہ رہ کہ آنا جلدی نہیں آنا۔ مگر اب کچھ دن سے عجیب خواب آنے لگے ہیں جس میں بار بار یہی ہوتا ہے کہ یہ خود مجھے کہتے ہیں کہ میں نے ویسے ہی حلف اٹھایا تھا، کبھی کسی کہ ساتھ پکڑے جاتے ہیں کبھی کسی ناجائز حالت میں۔ کل رات کو میں عشاء کی نماز پڑھ کہ سوئی آیت الکرسی مختلف سورتیں پڑھ کہ پھر بھی یہ خواب آیا کی مجھے کہ رہے ہیں میری دوست سے آج ملا ہوں۔ (یہاں صرف جسمانی تعلقات سے ہی لوگ ملتے ہیں) جب سے اٹھی ہوں بیحد پریشان ہوں رہنمائی کیجیئے پلیز مجھے کیا کرنا چاہیے؟

  • سائل: نامعلوممقام: نامعلوم
  • تاریخ اشاعت: 22 جون 2012ء

زمرہ: معاملات

جواب:

1۔ بیوی کو چاہیے کہ ایسی صورت میں اپنے رشتے داروں اور خاندان کے با اثر حضرات کے ذریعے اپنے شوہر کو سمجھائے۔

2۔ اگر شادی سے پہلے ان کا کردار ٹھیک نہیں تھا تو آپ کو یہ شادی نہیں کرنا چاہیے تھی آپ نے خود اپنے پاؤں پہ کلہاڑی ماری ہے اور خود جان بوجھ کر اپنے آپ کو اندھے کنویں میں دھکیلا ہے۔ یہ پوری زندگی کے فیصلے ہوتے ہیں جنہیں سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے۔

3۔ اگر شوہر سمجھ جاتا ہے اور دوسری عورتوں سے اپنے ناجائز تعلقات ختم کر دیتا ہے تو اس میں آپ دونوں کی بھلائی ہے۔ اگر وہ نہیں مانتا تو پھر فیصلہ آپ نے کرنا ہے کہ کیا آپ ایسی حالت میں اس کے ساتھ رہیں گی یا نہیں۔ آپ کا شوہر جو کچھ کر رہا ہے یہ حرام ہے اور اس کی سزا اسے ضرور ملے گی۔ آپ اپنے صبر سے کام لیں اور اللہ تعالی سے دعا کریں کہ آپ کے شوہر راہ راست پر آ جائیں۔ ان کی ہدایت کی دعا مانگا کریں۔ اللہ تعالی آپ کی مشکلات کو آسان فرمائے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: حافظ محمد اشتیاق الازہری