کیا کھڑے ہو کر استقبال کرنا خلاف سنت عمل ہے؟


سوال نمبر:1626
ترمذی شریف میں ہے کہ حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کسی کے آنے پر کھڑے ہونے کو ناپسند کرتے تھے تو کیا محافل میں جب عالم دین آتا ہے تو ان کی آمد پر استقبال کے لئے کھڑے ہونا جائز ہے؟ احادیث کی روشنی میں جواب دیں۔ شکریہ

  • سائل: محمد افضل قادریمقام: کامونکے
  • تاریخ اشاعت: 14 اپریل 2012ء

زمرہ: تعظیم و آداب

جواب:

کھڑے ہو کر استقبال کرنا خلاف سنت نہیں ہے، بلکہ یہ عین سنت ہے، لیکن دونوں چیزوں میں توازن ہونا چاہیے، آنے والے سے فرمایا کہ تو اس بات کی توقع اور خواہش نہ کر کہ جب تو مجلس میں آئے تو لوگ تمہارے لئے کھڑے ہوں۔ تمہارے لئے نعرے لگائیں تمہاری تعریفیں شروع کر دیں، اور اگر کھڑے ہو کر استقبال نہ کریں تو تمہیں برا لگے تو ناراضگی کا اظہار کرے۔ کیونکہ یہ تکبر اور غرور کی علامت ہے، حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خود کھڑے ہو کر استقبال کرنے کا حکم دیا۔

عن ابی سعيد الخدری قال، لما نزلت بنو قريظة علی حکم سعد هوا بن معاذ بعث رسول الله صلی الله عليه وآله وسلم وکان قريبا منه فجاء علی حمار فلما دنا قال رسول الله قوموا الی سيدکم

(متفق عليه)

بخاری ومسلم کتاب المغازی

حضرت سعید خدری رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ جب حضرت سعد بن معاذ رضی اللہ عنہ کے حکم پر یہود بن قریظہ (قلعہ سے) نیچے اتر آئے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت سعد رضی اللہ عنہ کو بلانے کے لئے ان کی طرف ایک آدمی بھیجا اور وہ قریب ہی موجود تھے سو وہ گدھے پر سوار ہو کر آئے نزدیک پہنچے تو رسول اللہ نے لوگوں سے فرمایا اپنے سردار کے لئے (تعظیما) کھڑے ہو جاؤ۔

اس حدیث کی شرح میں امام العسقلانی نے فتح الباری میں بہت اچھی شرح کی ہے جس سے مسئلہ کی وضاحت ہو جاتی ہے۔

ذکر العسقلانی فی فتح الباری 11 / 49 50-51

 حضرت ابو موسی اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور صلی اللہ لعیہ وآلہ وسلم سے روایت ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا بوڑھے مسلمان کی تعظیم کرنا اللہ تعالی کی تعظیم کا ایک حصہ ہے اور اسی طرح قرآن مجید کے عالم کی جو اس میں تجاوز نہ کرتا ہو اس بادشاہ کی تعظیم جو انصاف کرتا ہو، ان تینوں کی تعظیم کرنا اللہ تعالی کی تعظیم ہی کا ایک حصہ ہے۔

سنن ابی داؤد کتاب الادب

ابن ابی شيبه

المعجم الاوسط الطبرانی

درج ذیل احادیث سے یہ بات ثابت ہوئی کہ علماء کے استقبال کے لئے کھڑا ہونا جائز ہے۔ اسی طرح، مکرم اور معظم، بوڑھے، اور اہل مناصب لوگوں کے احترام کے لئے کھڑے ہونا سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔ البتہ اگر کوئی اس کی خواہش کرتا ہے، اور توقع کرتا ہے تو وہ خود گنہگار ہو گا۔ کھڑے ہونے والے نہیں۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جس کو ناپسند کیا وہ یہی ہے کہ تکبر وغرور کی وجہ نہ ہو۔

اسی طرح ایک اور حدیث پاک میں ہے کہ ایک صحابی نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عرض کی کہ :

یا رسول اللہ : آپ نے مجھے مارا درانحالیکہ میرا پیٹ ننگا تھا، پس آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے پیٹ سے کپڑا ہٹا دیا، یہ دیکھ کر تمام مسلمان چیخ وبکا کرنے لگے اور کہنے لگے : ہائے عجب! عکاشہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ضرب لگانے والا ہے۔ پس جب حضرت عکاشہ رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بطن مبارک کی سفیدی دیکھی گویا وہ مصر کی بنی ہوئی عمدہ پارلین ہے، تو ان سے رہا نہ گیا اور بطن اقدس سے لپٹ گئے اور وہ کہہ رہے تھے : (یا رسول اللہ) میرے ماں باپ آپ پر قربان ہوں ۔ کس شخص کا نفس یہ طاقت رکھتا ہے کہ وہ آپ سے قصاص لے، پس حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسے فرمایا : یا تو مارے گا یا معاف کرے گا۔ تو انہوں نے عرض کیا : میں نے معاف کیا یہ امید کرتے ہوئے کہ اللہ تعالی روز قیامت مجھے معاف فرمائے گا، پس حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : جو شخص یہ چاہتا ہو کہ وہ جنت میں میرے ساتھی کو دیکھے تو وہ اس شخص کو دیکھ لے، پس لوگ کھڑے ہوئے اور عکاشہ کی آنکھوں کے درمیان بوسے دینے لگے اور کہنے لگے : تمہیں مبارک تمہیں مبارک ہو بے شک تم نے بلند درجات پا لئے ہیں اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رفاقت بھی۔۔۔۔الحدیث

اس کو امام طبرانی اور ابو نعیم نے روایت کیا ہے۔

فصل فی آدب مجلس شیخ

امام عسقلانی نے فتح الباری میں کہا ہے ابن بطال نے اس حدیث کی شرح میں کہا ہے کہ امام اعظم رحمۃ اللہ علیہ نے مسلمانوں کے بڑوں کا احترام کرنے، اور اپنی مجلس میں اہل فضیلت کے احترام کی مشروعیت، اور اسی مجلس میں اپنے علاوہ اپنے اصحاب کے لئے کھڑے ہونے، اور تمام لوگوں کو بڑوں کے لئے احتراما اٹھنے کو لازم پکڑنے کا حکم دیا، اور بعض لوگوں نے اس سے منع کیا اور انہوں نے ابو امامہ کی حدیث سے دلیل پکڑی ہے، جس میں ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہماری طرف عصی مبارک پر ٹیک لگائے ہوئے آئے تو ہم سارے کھڑے ہو گئے تو آپ نے فرمایا : ایسے کھڑے نہ ہوا کرو جیسے عجمی لوگوں میں سے بعض بعض کے لئے کھڑے ہوتے ہیں۔

طبری نے اس کا جواب یہ دیا ہے کہ یہ حدیث ضعیف ہےاور اس کی سند میں اضطراب ہے اس میں ایسا راوی بھی ہے جو غیر معروف ہے، اور (عدم قیام والوں نے) عبداللہ بن بریدہ کی حدیث سے بھی استدلال کیا ہے کہ ان کے والد حضرت معاویہ کے پاس گئے اور انہیں بتلایا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہے کہ جس شخص کو یہ پسند ہو کہ لوگ اس کے سامنے بتوں کی طرح کھڑے ہوں تو اس پر دوزح کی آگ واجب ہے، اور امام طبری نے اس حدیث کا جواب یوں دیا، ہے کہ اس حدیث میں اس شخص جو جس کے لئے قیام کیا جاتا ہے اس قیام سے خوش ہونے سے منع کیا گیا نہ کہ اس شخص کو منع کیا گیا ہے جو اس کے لئے احتراما کھڑا ہوتا ہے۔ اور ابن قتیبہ نے اس کا جواب یوں دیا ہے کہ اس کا معنی یہ ہے کہ منع اس شخص کو کیا گیا ہے جو چاہتا ہے کہ لوگ آ کے اس کے سر پر یوں کھڑے ہوں جیسے عجمیوں کے بادشاہوں کے سر پر کھڑے ہوتے ہیں، اور اس میں ایک شخص کو اپنے بھائی کے لئے اس وقت قیام کرنے سے منع نہیں کیا گیا جب وہ اس کو سلام کرے۔ اور ابن بطال نے جواز قیام کے لئے اس حدیث سے استدلال کیا ہے جس کو امام نسائی نے عائشہ بنت طلحہ رضی اللہ عنہا اور حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے طریق سے روایت کیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب اپنی بیٹی فاطمہ رضی اللہ عنہ کو آتے ہوئے دیکھتے تو ان کا استقبال کرتے اور کھڑے ہو کر ان کو بوسہ دیتے پھر ان کا ہاتھ پکڑ کر اپنے جگہ پر بٹھائے۔

اور امام عسقلانی نے ہی ’’فتح الباری‘‘ میں کہا ہے کہ قیام چار طرح کا ہوتا ہے :

  • پہلا ممنوع ہے اور وہ ایسا قیام ہے جو ایسے شخص کے لئے ہو جو چاہتا ہے کہ اس کے لئے قیام کیا جائے اور قیام کرنے والے پر تکبر اور بڑا پن بھی جتلائے۔
  • دوسرا قیام مکروہ ہے اور یہ وہ قیام ہے جو اس شخص کے لئے ہو جو اپنے لئے کھڑے ہونے والوں پر تکبر اور بڑا پن ظاہر نہیں کرتا لیکن اس کو خدشہ ہے کہ اس وجہ سے اس کے نفس میں وہ کچھ داخل ہو جائے گا جس کا اسے در ہے، اور اس لئے بھی کہ ایسا کرنے میں جباہرہ (جابر لوگوں) کے ساتھ مشابہت ہے،
  • تیسرا قیام وہ جائز ہے، اور یہ وہ قیام ہے جو بطور نیکی اور احترام کے ہو، اور اس شخص کے لئے ہو جو اس قیام کے باوجود جباہرہ کے ساتھ مشابہت سے محفوظ رہے،
  • چوتھا قیام مندوب ہے، اور یہ وہ قیام جو سفر سے آنے والے کے لئے اس کے آنے کی خوشی میں اور اسے سلام کرنے کی غرض سے کیا جائے یا اس شخص کے لئے کیا جائے جو کو کوئی نعمت حاصل ہوئی ہو تو اسے حصول نعمت  کی مبارکباد دینے کے لئے قیام کیا جائے یا کسی شخص کو کوئی مصیبت پہنچی ہو تو اس کے ساتھ تعزیت کرنے کے لئے کھڑا ہو جائے۔

حماد بن زید سے روایت ہے کہ ہم حضرت ایوب کے پاس تھے تو حضرت یونس آئے تو حضرت حماد نے کہا اپنے سردار یا کہا ہمارے سردار کے لئے کھڑے ہو جاؤ۔

حضرت ایوب محمد کے طریق سے روایت کرتے ہیں کہ میں نے عبد الرحمن بن ابو لیلی اور ان کے اصحاب کو ان کی تعظیم بجا لاتے اور ان کو سردار بناتے اور کسی امیر کی طرح ان کی عزت بجا لاتےہوئے دیکھا۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: حافظ محمد اشتیاق الازہری