قرآن مجید کو کتابی صورت میں‌ کس نے جمع کیا؟


سوال نمبر:1504
السلام علیکم حضور علیہ السلام کے وصال کے بعد قرآن مجید کو کتابی صورت میں‌ کس نے جمع کیا؟

  • سائل: نا معلوممقام: انڈیا
  • تاریخ اشاعت: 14 مارچ 2012ء

زمرہ: متفرق مسائل

جواب:

قرآن مجید کو جمع کرنے والا سب سے پہلے اللہ تعالی خود ہے۔ جیسا کہ قرآن مجید میں ارشاد فرمایا :

إِنَّ عَلَيْنَا جَمْعَهُ وَقُرْآنَهُ

القيامة 17

بے شک اسے (آپ کے سینہ میں) جمع کرنا اور اسے (آپ کی زبان سے) پڑھانا ہمارا ذِمّہ ہےo

فَإِذَا قَرَأْنَاهُ فَاتَّبِعْ قُرْآنَهُ

القيامة 18

پھر جب ہم اسے (زبانِ جبریل سے) پڑھ چکیں تو آپ اس پڑھے ہوئے کی پیروی کیا کریںo

حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دوسرے جامع القرآن ہیں، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مختلف اشیاء پر قرآن مجید کو لکھوا کر جمع کیا۔ سارا قرآن مختلف اشیاء میں لکھا ہوا تھا۔

تیسرے جامع القرآن حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ ہیں۔ جنگ یمامہ میں جب کثیر تعداد میں حفاظ وقراء صحابہ کرام شہید ہوئے تو حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے مشورے سے قرآن مجید کو مختلف اشیاء سے کتابی شکل میں جمع کیا۔ تو اس طرح سب سے پہلے حضور علیہ الصلاۃ والسلام کے بعد حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے قرآن مجید کو کتابی شکل میں مدون کروایا۔

حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ چوتھے جامع القرآن ہیں، آپ کے زمانہ خلافت میں جب فتوحات بہت زیادہ ہو گئی اور مختلف زبانیں بولنے والے جب دائرہ اسلام میں داخل ہوئے تو انہون نے قرآن مجید کی مختلف قراءتوں شروع کر دیں۔ تو اس وقت امت مسلمہ سے اختلاف کو ختم کرنے کے لئے اور ایک قرات پر جمع کرنے کے لئے آپ رضی اللہ عنہ نے قرآن مجید کو ایک قرات پر جمع کیا۔

قرآن مجید کے ساتھ جو تفسیر لکھی گئی تھی، اس تفسیر کو بھی ختم کروایا۔ لہذا آپ رضی اللہ عنہ نے اصل قرآن مجید کو تفسیروں سے الگ کر کے جمع کیا، اس وجہ سے آپ رضی اللہ عنہ کو جامع القرآن کہا جاتا ہے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: حافظ محمد اشتیاق الازہری