عبدالمطلب نام رکھنا کیسا ہے؟


سوال نمبر:5098
السلام علیکم مفتی صاحب! کیا میں اپنے بیٹے کا نام عبدالمطلب رکھ سکتا ہوں؟

  • سائل: محمد عابد اقبالمقام: لاہور
  • تاریخ اشاعت: 13 اکتوبر 2018ء

زمرہ: اسلامی نام

جواب:

ایسے نام جن میں عبودیت کی نسبت غیراللہ کی طرف ہو حرام ہیں، جیسے: عبدالعزیٰ، عبدالکعبہ، عبدشمس، عبدالحارث، عبدعمر وغیرہ۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایسے ناموں کو بدل دیا کرتے تھے۔ لیکن عبدالمطلب نام ان میں سے مستثنیٰ ہے‘ اگرچہ اس میں بھی نسبتِ عبودیت غیراللہ کی طرف کی گئی ہے مگر ایک صحیح روایت ملتی ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ رسول اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس نام پر رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے چچازاد بھائی عبدالمطلب بن ربیعہ رضی اللہ عنہ کے نام کے سلسلے میں سکوت فرمایا جو اس کی مشروعیت کو ظاہر کرتا ہے۔

اگرچہ عبدالمطلب نام رکھنا جائز ہے‘ لیکن اس کو ترک کرنا بہتر ہے۔ اس کی بجائے نسبتِ عبدیت اللہ تعالیٰ کے معروف اسماء و صفات کی طرف کرنا افضل ہے، جیسے: عبداللہ، عبدالرحمان، عبدالرزاق، عبدالخالق وغیرہ۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: محمد شبیر قادری