خواب میں‌ جنگ دیکھنے کی کیا تعبیر ہے؟


سوال نمبر:3598

محترم مفتی صاحب السلام و علیکم! میں پاکستان سے تعلق رکھتا ہوں اور پچھلے تین (3) ماہ سے سعودیہ میں ہوں۔

مفتی صاحب میں نے آج صبح کے وقت خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر میں ہوں، اور آسمان سے ایک جنگی جہاز جو تباہ ہو چکا ہوا ہے، وہ ہمارے گھر کہ قریب گرتا ہے۔ وہ انڈیا کا جہاز ہوتا ہے۔ پھر میں آسمان پر دیکھتا ہوں کہ ایک اور انڈین جہاز پاکستانی سرحد پار کر کے آتا ہے اور بمباری کرنے لگتا ہے، پھر دو پاکستانی جہاز آتے ہیں اور انڈین جہاز پر جھپٹتے ہیں۔ انڈین جہاز ایک پاکستانی جہاز کے پیچھے لگ جاتا ہے اور فائر کرتا ہے، لیکن پاکستانی پائلٹ جہاز کو اوپر کی جانب لے جاتا ہے۔ ایک پاکستانی جہاز انڈین جہاز کے ہی پیچھے ہوتا ہے اور انڈین جہاز کے تعاقب میں ہی ہوتا ہے، لیکن انڈین جہاز اس کے ٹارگٹ میں نہیں آ رہا ہوتا۔ پھر دیکھتے ہی دیکھتے جو جہاز اوپر چلا گیا تھا عین انڈین جہاز کے اوپر سیدھا نیچے کو آتا ہے اور انڈین جہاز پر فائر سٹارٹ کر دیتا ہے۔ کچھ فائر مس ہوتے ہیں، لیکن پھر انڈین جہاز کو فائر لگ جاتے ہیں اور وہ بھی تباہ ہو جاتا ہے اور نیچے گر جاتا ہے۔ پھر مجھے ایک خبر ملتی ہے کہ نریندر موودی نے جو اس وقت انڈین پرائم منسٹر ہے اس نے اپنی آرمی کو پاکستان پر حملے کا حکم دیا ہے اور پاکستان پر حملہ ہوگیا ہے۔

مفتی صاحب میرا گھر سیالکوٹ میں انڈین بارڈر پر ہی ہے۔ اور میں نے رات کو سوتے وقت اللہ تعالیٰ سے غزوہ ہند کے متعلق خواب سے اشارہ مانگا تھا کہ اس میں لڑنے والا لشکر کونسا ہوگا؟ اور کیا میں اس غزوہ کو دیکھ پاؤں گا اور اس میں شامل ہو سکوں گا؟ جس کے بعد میں نے یہ خواب دیکھا ہے۔

 مفتی صاحب اس سے پہلے بھی میں نے اللہ سے بہت دفعہ خواب میں اشارے مانگے تھے اور مجھے ان کے متعلق خواب میں اشارے بھی ملے تھے، جو سچ ہوئے۔

مفتی صاحب براہِ مہربانی مجھے اس خواب کی تعبیر بتا دیں۔ شکریہ

  • سائل: سرفراز احمدمقام: خمیس مشیط، سعودی عرب
  • تاریخ اشاعت: 06 مئی 2015ء

زمرہ: خواب اور بشارات

جواب:

خواب میں لڑائی یا جنگ دیکھنا کسی آسمانی آفت یا بیماری کے پھیلنے کی علامت ہے۔ اگر صاحب خواب دیکھے کہ لڑائی یا جنگ میں‌ وہ دشمن پر غالب آگیا تو اس کی تعبیر ہوگی کہ بیماری یا آفت پھیلے گی نہیں‌ بلکہ اس پر قابو پالیا جائے گا، اور اگر دیکھے کہ وہ لڑائی میں‌ مغلوب ہو تو تعبیر پہلے کے برعکس ہے یعنی بیماری پھیل جائے گی اور اس کو روکنے کی تمام کاوشیں بےسود ہوں‌ گی۔

تاہم آپ کا خواب ’تحدیث النفس‘ کی قسم سے ہے۔ تحدیث النفس خواب کی وہ قسم ہے جس میں انسان روزمرہ میں ہونے والے کاموں‌ کو خواب میں دیکھتا ہے۔ آپ کے علم میں‌ ہے کہ پاکستان اس وقت اندرونی اور بیرونی دشمنوں میں گھرا ہوا ہے۔ دشمن طاقتیں کہیں‌ کھلے عام وطنِ‌ عزیز کی خودمختاری کو للکارتی ہیں تو کہیں‌ اپنی کٹھپلتیوں کے ذریعے ریاستی مفادات کو نشانہ بناتی ہیں۔ ان میں بھارت کی سرگرمیاں‌ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، اور اکثر ہماری افواج اور ایجنسیاں‌ اسے منہ توڑ‌ جواب دیتی ہیں۔

آپ کا خواب بھی ماضی اور حال میں پیش آمدہ واقعات پر مشتمل ہے، جس میں آپ کو پاکستانی افواج کی بہادری اور جانثاری کی ایک جھلک دکھائی گئی ہے۔ ان شاءاللہ پاکستانی آرمی ہر میدان میں کامیاب ہوگی اور پاکستان رہتی دنیا تک قائم و دائم رہے گا۔ یہی آپ کو خواب میں دکھایا گیا ہے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: عبدالقیوم ہزاروی