کیا حمل ضائع کروایا جا سکتا ہے؟


سوال نمبر:1523
میرا چھ ماہ کا بیٹا ہے اور پہلے بھی میرے تین بچے ہیں، میری بیوی بہت بیمار ہے، اور گھر کے حالات بھی اچھے نہیں۔ اب دوبارہ بھی میری بیوی ایک ماہ اور کچھ دنوں سے حاملہ ہے، ان مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا میں یہ حمل ضائع کروا سکتا ہوں

  • سائل: اظہر محمودمقام: راولپنڈی، پنجاب
  • تاریخ اشاعت: 14 مارچ 2012ء

زمرہ: جدید فقہی مسائل  |  اسقاط حمل/عزل

جواب:

چار ماہ سے پہلے پہلے حمل ضائع کروایا جا سکتا ہے، لیکن اس سے پہلے آپ ڈاکٹر سے مشورہ کر لیں، کیونکہ حمل ضائع کروانے سے بیوی کو نقصان بھی پہنچ سکتا ہے، اس کے برے اثرات بھی مرتب ہو سکتے ہیں، اگر تو کسی قسم کا خطرہ نہ ہو تو چار ماہ سے پہلے پہلے حمل ضائع کروایا جا سکتا ہے۔

دوسری بات یہ کہ روزی کے ڈر سے یا بھوک وافلاس کے خوف سے ایسا نہیں کرنا چاہیے، اللہ تعالی نے، بھوک وافلاس کے ڈر سے اولاد کو قتل کرنے سے منع فرمایا ہے۔ ہر انسان کا رزق مقرر ہے، جو بھی اس دنیا میں آتا ہے، وہ اپنا رزق لے کر آتا ہے، لہذا آپ اپنے بچوں کی بھوک وافلاس سے خوفزدہ نہ ہوں۔

إِنَّ اللّهَ يَرْزُقُ مَن يَشَاءُ بِغَيْرِ حِسَابٍ

(آل عِمْرَان ، 3 : 37)

بیشک اﷲ جسے چاہتا ہے، بے حساب رزق عطا کرتا ہےo

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: حافظ محمد اشتیاق الازہری