مردوں کے لیے ریشم کا لباس پہننا کیسا ہے؟


سوال نمبر:1520
جو لوگ ریشم کا بنا ہوا لباس پہنتے ہیں ان کے بارے میں‌ کیا حکم ہے؟ یہاں پر نعت خوان ریشم سے بنے ہوئے جبے پہنتے ہیں اور لوگ اس وجہ سے ان کو سننا پسند نہیں کرتے۔

  • سائل: ثاقبمقام: گجرات، پاکستان
  • تاریخ اشاعت: 26 مارچ 2012ء

زمرہ: پردہ و حجاب اور لباس

جواب:

مردوں کے لئے ریشم کا لباس اور سونا پہننا حرام ہے، حضرت حزیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے آپ فرماتے ہیں کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا سونے چاندی کے برتنوں میں پانی نہ پیو اور نہ ہی ریشم اور دیباج کے کپڑے پہنو کیونکہ یہ چیزیں دنیا میں کفار کے لئے ہیں اور تمہارے لئے آخرت میں ہیں۔

(سنن أبی داؤد : 4 / 47)

خارش کی وجہ سے ریشم پہننا مباح ہے، اسی طرح جس مریض کو ریشم کا کپڑا پہننا مفید ہو، اس کے لئے بھی مباح ہے۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت عبد الرحمان بن عوف اور حضرت زبیر رضی اللہ عنہما کو سفر میں ریشم پہننے کی اجازت دی تھی، کیونکہ وہ دونوں حضرات خارش میں مبتلا تھے۔

سنن أبی داؤد : 4 / 50

لہذا اگر شرعی عذر ہو تو ریشم پہننا جائز ہے، ورنہ حرام ہے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: حافظ محمد اشتیاق الازہری