کیا مندر اور گرجا میں‌ میلاد منانا اور نماز پڑھنا جائز ہے؟


سوال نمبر:1480
السلام علیکم! بعض لوگوں اعتراض کرتے ہیں کہ مندر اور گرجے میں میلاد منانا اور نماز پڑھنا کہاں جائز ہے؟ منہاج القرآن والے اپنا الگ دین بنائے بیٹھے ہیں۔ براہ مہربانی قرآن و حدیث کی روشنی میں مناسب وضاحت فرمائیں تاکہ انہیں تسلی بخش جواب دیا جا سکے۔ شکریہ

  • سائل: رانا عمران جاویدمقام: لاہور، پاکستان
  • تاریخ اشاعت: 07 مارچ 2012ء

زمرہ: میلاد النبی ﷺ

جواب:

مندر اور گرجا میں نماز ادا کرنے میں کوئی حرج نہیں، اسی طرح ان سب میں میلاد منانے میں بھی شرعاً کوئی قباحت نہیں۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا میرے لیے پوری روئے زمین کو سجدہ گاہ بنا دیا گیا ہے اور اسے پاک کر دیا گیا ہے، لیکن نماز پڑھتے وقت چہرہ بتوں کی طرف نہیں ہونا چاہیے۔ اصل میں ساری روئے زمین اللہ تعالیٰ کی ہے، لیکن انسانوں نے اسے غلط مقصد کے لیے غصب کر رکھا ہے۔ اس میں شرعاً جو ممنوع چیز ہے وہ بتوں کی طرف چہرہ کر کے نماز ادا کرنا ہے۔ خانہ کعبہ کے اندر بھی بت تھے، مگر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کعبہ کو بتوں سے پاک کر کے نماز ادا فرمائی۔

دوسری بات یہ کہ اگر انسان کو موقع ملے تو بت کدوں میں بھی اللہ تعالیٰ کی وحدانیت اور الوہیت بیان کرے۔ ایسی جگہوں پر نماز پڑھنا اسلام کی حقانیت اور سچا دین ہونے کا واضح ثبوت ہے۔

حکیم الامت علامہ محمد اقبال نے کیا خوب فرمایا ہے :

یہ دور اپنے براہیم کی تلاش میں ہے
صنم کدہ ہے جہاں لا الہ الا اللہ

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: حافظ محمد اشتیاق الازہری