Fatwa Online

سنت سے کون کون سے رنگ کا لباس اور عمامہ پہننا ثابت ہے؟

سوال نمبر:945

سنت سے کون کون سے رنگ کا لباس اور عمامہ پہننا ثابت ہے؟ اس کے علاوہ لباس مبارکہ سے کیا کیا ثابت ہے اور ان کو رنگ کے بارے میں بتا دیں جیسے کملی مبارک۔

سوال پوچھنے والے کا نام: عدنان کبیر

  • مقام: بریڈ فورڈ، یوکے
  • تاریخ اشاعت: 09 مئی 2011ء

موضوع:پردہ و حجاب اور لباس

جواب:
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے مندرجہ ذیل رنگ کے لباس کا استعمال ثابت ہے۔

1۔ حدیث پاک میں آتا ہے :

عن سمرة ان النبی صلی الله عليه وآله وسلم قال البسوا الثياب البيض فانها اطهر و اطيب و کفنوا فيها موتاکم. رواه احمد والترمذی والنسائی وابن ماجه.

حضرت سمرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ سفید کپڑے پہنا کرو اس لیے کہ یہ زیادہ پاک اور صاف نظر آتے ہیں اور اپنے مردوں کو سفید رنگ کے کفن دو۔

2۔ ھلال ابن عامر روایت کرے ہیں :

قال رايت رسول الله صلی الله عليه وآله وسلم بمنیٰ يخطب علی بغلة و عليه برد احمر و علی امامه يعبرعنه. رواه ابو داؤد.

میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو منی میں خطبہ دیتے ہوئے دیکھا اور آپ نے سرخ چادر اوڑھی ہوئی ہے اور حضرت علی آگے ہیں اور لوگوں کو آپ علیہ الصلوۃ والسلام کی بات سنا رہے ہیں۔

3۔ حضرت ابو رمثہ الیتمی رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں :

قال اتيت النبی صلی الله عليه وآله وسلم وعليه ثوبان اخضران.

میں حضور علیہ الصلوۃ والسلام کے پاس حاضر ہوا تو میں نے دیکھا کہ دو سبز رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے ہیں۔

4. عن عائشة رضی الله عنها قالت صنعت للنبی صلی الله عليه وآله وسلم بردة سوداء فلبسها فلما عرق فيها وجد ريح الصوف فقد فها. رواه ابوداؤد.

حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں میں نے آپ علیہ الصلوۃ والسلام کے لیے کالے رنگ کی چادر تیار کر لی، آپ نے اسے اپنے اوپر ڈال دیا جب پسینے کی وجہ سے اس میں اون کی بو آئی تو آپ نے اسے اتار دیا۔

خلاصہ کلام یہ ہے کہ سفید، سرخ، سبز اور کالا رنگ یہ احادیث سے ثابت ہیں، باقی رنگ بھی جائز ہیں اس لیے کہ منع نہیں کیا گیا۔ عمامہ شریف اکثر کالے رنگ اور سفید رنگ کے استعمال کرتے تھے، نسواری رنگ بھی عمامہ شریف میں ثابت ہے۔

قمیض آقا علیہ الصلوۃ والسلام کا پسندیدہ لباس تھا لیکن تہہ بند یا شلوار قمیض اور کملی مبارک بھی ثابت ہے۔ کملی مبارک کے بارے میں معروف مشہور کالا رنگ ہے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:صاحبزادہ بدر عالم جان

Print Date : 24 November, 2024 07:10:38 AM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/945/