Fatwa Online

یتیم کا مال کس عمر میں اس کے سپرد کیا جائے؟

سوال نمبر:6038

السلام علیکم! مسئلہ یہ ہے کہ میرا بھائی 2014 میں وفات پا گیا تھا، اس وقت وراثت فتویٰ لیکر تقسیم کر دی گئی اور اس بھائی کا ایک بیٹا (یعنی میرا بھتیجا) اس کی وراثت کا حصہ میرے پاس ہے۔ اس وقت وہ نابالغ تھا اور ابھی اس کی عمر 17 سال ہے اور اپنے ماموں اور نانا کے ساتھ رہتا اور مجھے پر یہ پریشر ڈالا جا رہا ہے کی اس کا حصہ اس لڑکے کو دیا جائے اور اسی بنا پر میرے ایک گھر کے اوپر قبضہ بھی کیے ہوئے ہیں۔ مجھے بتائیے کہ میں اس کی رقم کب واپس کروں؟ کیونکہ ابھی مجھے اس بات کا خدشہ ہے کہ وہ پیسہ ضائع نہ کر دے جبکہ پاکستان کا قانون 18 سال کی عمر میں لڑکا واپس لے سکتا ہے؟ میری رہنمائی فرمائیں شریعت کے مطابق شکریہ

سوال پوچھنے والے کا نام: حافظ محمد ساجد

  • مقام: لاہور
  • تاریخ اشاعت: 14 جنوری 2023ء

موضوع:تقسیمِ وراثت

جواب:

شریعت نے یتیم کے ولی کیلئے لازم کیا ہے کہ مالِ یتیم اُس وقت تک یتیم کے سپرد نہ کیا جائے جب تک ولی یتیم میں عقل و رشد اور سمجھداری و ہوشیاری نہ دیکھ لے، کہ مبادا یتیم بچہ ناسمجھی میں اپنا مال ضائع کر بیٹھے یا حرام کاموں پر خرچ کرے اور کل کو فقر و فاقہ کی نوبت آ جائے اور دوسروں سے مانگتا پھرے۔ اس لیے یتیم جب تک حُسنِ تصرف کے قابل نہ ہو مال اس کے سپرد نہ کیا جائے۔ قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

وَابْتَلُواْ الْيَتَامَى حَتَّى إِذَا بَلَغُواْ النِّكَاحَ فَإِنْ آنَسْتُم مِّنْهُمْ رُشْدًا فَادْفَعُواْ إِلَيْهِمْ أَمْوَالَهُمْ وَلاَ تَأْكُلُوهَا إِسْرَافًا وَبِدَارًا أَن يَكْبَرُواْ وَمَن كَانَ غَنِيًّا فَلْيَسْتَعْفِفْ وَمَن كَانَ فَقِيرًا فَلْيَأْكُلْ بِالْمَعْرُوفِ فَإِذَا دَفَعْتُمْ إِلَيْهِمْ أَمْوَالَهُمْ فَأَشْهِدُواْ عَلَيْهِمْ وَكَفَى بِاللّهِ حَسِيبًا.

(النِّسَآء، 4 : 6)

اور یتیموں کی (تربیتہً) جانچ اور آزمائش کرتے رہو یہاں تک کہ نکاح (کی عمر) کو پہنچ جائیں پھر اگر تم ان میں ہوشیاری (اور حُسنِ تدبیر) دیکھ لو تو ان کے مال ان کے حوالے کر دو، اور ان کے مال فضول خرچی اور جلد بازی میں (اس اندیشے سے) نہ کھا ڈالو کہ وہ بڑے ہو (کر واپس لے) جائیں گے، اور جو کوئی خوشحال ہو وہ (مالِ یتیم سے) بالکل بچا رہے اور جو (خود) نادار ہو اسے (صرف) مناسب حد تک کھانا چاہئے، اور جب تم ان کے مال ان کے سپرد کرنے لگو تو ان پر گواہ بنا لیا کرو، اور حساب لینے والا اللہ ہی کافی ہے۔

سائل اپنے بھتیجے کو اعتماد میں لیکر اسے سمجھائیں کہ وہ اپنا پیسہ فضول خرچی میں ضائع نہ کرے بلکہ سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستقبل کی ضروریات کا خیال رکھے۔ اگر وہ بچہ سمجھدار ہے تو اس کا مال اس کے حوالے کر دیا جائے۔ پاکستان کے قوانین کے مطابق لڑکوں کی بلوغت کی عمر 18 سال تسلیم کی جاتی ہے، عموماً 18 سال کے بچے سمھجھدار و ہوشیار ہو جاتے ہیں اور اپنا بھلا برا سمجھنے لگ جاتے ہیں۔ اس لیے سائل بچے کے 18 سال کی عمر کے ہونے پر اس کا مال اس کے حوالے کر دیں اور سرپرست کے طور پر خیال رکھیں کہ بچہ حسنِ تصرف سے کام لے اور اپنا مال ضائع نہ کر دے۔ اگر بچہ سمجھدار ہے تو 18 سال سے پہلے بھی مال اس کے حوالے کیا جاسکتا ہے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:محمد شبیر قادری

Print Date : 09 September, 2024 02:55:26 AM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/6038/