Fatwa Online

وہ کون سے امور ہیں جن سے صرف روزہ کی قضا لازم آتی ہے کفارہ نہیں؟

سوال نمبر:595

وہ کون سے امور ہیں جن سے صرف روزہ کی قضا لازم آتی ہے کفارہ نہیں؟

سوال پوچھنے والے کا نام:

  • تاریخ اشاعت: 12 فروری 2011ء

موضوع:روزہ کی قضاء اور کفارہ  |  روزہ  |  عبادات

جواب:

وہ امور جن سے صرف روز ہ کی قضا لازم آتی ہے درج ذیل ہیں:

1۔ کسی نے زبردستی روزہ دار کے منہ میں کوئی چیز ڈال دی اور وہ حلق سے اتر گئی۔

2۔ روزہ یاد تھا مگر کلی کرتے وقت بلا قصد حلق میں پانی اتر گیا۔

3۔ قے آئی اور قصداً حلق میں لوٹا دی یا قصداً منہ بھر کے قے کر ڈالی روزہ ٹوٹ جائے گا اور قضا لازم ہو گی بشرطیکہ دونوں صورتوں میں قے منہ بھر کر ہو اور روزہ دار کو اپنا روزہ یاد ہو، اگر روزہ یاد نہیں ہے تو ان تمام صورتوں میں روزہ نہیں ٹوٹے گا۔

4۔ کنکری یا پتھر کا ٹکڑا یا گٹھلی یا مٹی یا کاغذ کا ٹکڑا قصداً نگل لیا۔

5۔ دانتوں میں رہ جانے والی چیز کو زبان سے نکال کر نگل لیا جبکہ وہ چنے کے دانے کے برابر یا اس سے زیادہ ہو اور اگر منہ سے نکال کر پھر نگل لیا تو چاہے چنے سے کم ہو یا زیادہ تب بھی روزہ ٹوٹ گیا۔

6۔ دانتوں میں سے نکلے ہوئے خون کو نگل لینا جبکہ خون تھوک پر غالب ہو تو روزہ ٹوٹ گیا قضا واجب ہوگی، اور اگر خون تھوک کی مقدار سے کم ہوگا تو روزہ نہیں ٹوٹے گا۔

7۔ بھولے سے کچھ کھا پی لینے کے بعد یہ سمجھنا کہ روزہ ٹوٹ گیا پھر قصداً کھا لیں۔

8۔ کسی کی آنکھ دیر سے کھلی اور یہ سمجھ کر ابھی سحری کا وقت باقی ہے، کچھ کھا پی لیا پھر معلوم ہوا کہ صبح ہو چکی تھی۔

9۔ رمضان المبارک کے سوا اور دنوں میں کوئی روزہ قصداً توڑ ڈالنا۔

10۔ ابر یا غبار کی وجہ سے یہ سمجھ کر کہ آفتاب غروب ہو گیا روزہ افطار کرلیا حالانکہ ابھی دن باقی تھا۔

ان تمام مندرجہ بالا صورتوں میں روزہ ٹوٹ جائے گا اور اس کی صرف قضا لازم ہو گی۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

Print Date : 09 September, 2024 04:58:50 AM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/595/