Fatwa Online

کیا شوہر کی وفات کے بعد بیوہ کیلئے اسکا نام لینا اور اسکی تصویر دیکھنا ممنوع ہے؟

سوال نمبر:5884

السلام علیکم مفتی صاحب! میرا سوال یہ ہے کہ کیا شوہر کی وفات کے بعد بیوی کے لیے اس کا نام لینا، اس کی تصویر دیکھنا ممنوع ہے؟ اور کیا بیوہ کے لیے مرحوم شوہر کے ساتھ گزارا ہوا وقت اور تعلق بھی ناجائز ہوجاتا ہے؟ کیا شوہر کے گھر یا جائیداد سے بیوہ کا تعلق ختم ہو جاتا ہے؟ اگر ایک عورت کو اس کے شوہر نے اپنی زندگی میں کہا کہ: اگر میرا وصال ہو گیا تو تم اپنا سامان لے جانا اور گھر کی چابیاں میرے بھائی کو دے کر چپ چاپ چلی جانا۔ اب جب یہ وقت آ ہی گیا ہے تو وہ عورت بہت پریشان ہے۔ اس کے والدین ایسا نہیں کرنا چاہتے، وہ شوہر کے ترکہ سے حصہ لینا چاہتے ہیں۔ والدین چاہتے ہیں کہ اگر عورت نے حصہ نہ لیا تو وہ خود رکھ لیں گے۔ ایسے میں اس عورت کو کیا کرنا چاہیے؟

سوال پوچھنے والے کا نام: عبدالجمال ناصر

  • مقام: ملتان
  • تاریخ اشاعت: 14 دسمبر 2020ء

موضوع:تقسیمِ وراثت

جواب:

شوہر کی وفات کے بعد اس کا نام لینے یا اس کی تصویر دیکھنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ قرآن و حدیث میں ایسی کوئی ممانعت نہیں ہے، یہ عدمِ ممانعت ہی اس امر کے جواز کی دلیل ہے۔ اس لیے بیوہ کے لیے شوہر کا نام لینا، اس کے ساتھ گزرے وقت کو یاد کرنا اور اس کی تصویر دیکھنا جائز ہے۔

مرحوم کی جائیداد میں سے اس کی بیوہ کو اولاد نہ ہونے کی صورت میں چوتھا حصہ اور اولاد ہونے کی صورت میں آٹھواں حصہ ملتا ہے۔ بیوہ کا یہ حصہ حکمِ باری تعالیٰ سے ثابت ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

وَلَهُنَّ الرُّبُعُ مِمَّا تَرَكْتُمْ إِن لَّمْ يَكُن لَّكُمْ وَلَدٌ فَإِن كَانَ لَكُمْ وَلَدٌ فَلَهُنَّ الثُّمُنُ مِمَّا تَرَكْتُم مِّن بَعْدِ وَصِيَّةٍ تُوصُونَ بِهَا أَوْ دَيْنٍ.

اور تمہاری بیویوں کا تمہارے چھوڑے ہوئے (مال) میں سے چوتھا حصہ ہے بشرطیکہ تمہاری کوئی اولاد نہ ہو، پھر اگر تمہاری کوئی اولاد ہو تو ان کے لئے تمہارے ترکہ میں سے آٹھواں حصہ ہے تمہاری اس (مال) کی نسبت کی ہوئی وصیت (پوری کرنے) یا (تمہارے) قرض کی ادائیگی کے بعد۔

النساء، 4: 12

بیوہ اپنے شوہر کے وصال تک اس کے نکاح میں تھی اس لیے حکمِ الٰہی کے مطابق اسے حصہ دینا لازم ہے اور یہ بیوہ کا شرعی حق ہے۔ مرحوم کی وصیت کیونکہ خلاف شریعت تھی اس لیے اس پر عمل نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کوئی اور شخص بیوہ کو اس کے حق سے محروم کر سکتا ہے۔ اس لیے بیوہ کو اپنا حق لے سکتی ہے اور اس سلسلے میں قانونی مدد بھی لے سکتی ہے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:محمد شبیر قادری

Print Date : 11 December, 2024 02:19:38 PM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/5884/