Fatwa Online

کیا سیدہ زینبؑ سانحہ کربلاء کے بعد بقیہ زندگی یزید کے گھر میں رہی ہیں؟

سوال نمبر:5870

السلام علیکم مفتی صاحب! کچھ لوگ سوال کر رہے ہیں کہ سیدہ زینب کا مزار مبارک دمشق میں کیوں ہے؟ انکا نقطہ نظر یہ ہے کہ ام محمد جو کہ سیدہ زینب کی سوتیلی اولاد تھیں وہ یزید کی بیوی تھیں اور آپ نے قافلہ زین العابدین بن علی کے ساتھ سفر نہیں کیا بلکہ اپنی پوری زندگی ادھر یزید کے گھر میں گزار دی۔ پلیز جواب مرحمت فرمائیں

سوال پوچھنے والے کا نام: محمد اقبال

  • مقام: کراچی
  • تاریخ اشاعت: 19 اکتوبر 2022ء

موضوع:اسلامی تاریخ  |  فضائل و مناقبِ‌ اہلبیتِ اطہار

جواب:

سیدہ زینب بنت علی علیہا السلام کے مزارِ اقدس کے بارے میں کسی مستند کتاب میں کوئی قوی روایت نہیں ملتی کہ جس کو بنیاد بنا کر یقینی طور پر کہا جاسکتا ہو کہ آپ سلام اللہ علیہا کا مزارِ اقدس دمشق میں ہے۔ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے مزارِ اقدس کے حوالے سے تین آراء ملتی ہیں:

1. آپ سلام اللہ علیہا کا مزارِ اقدس مدینہ منورہ میں ہے۔

2. دوسری رائے یہ ہے کہ آپ سلام اللہ علیہا کا مزارِ اقدس دمشق میں ہے۔

3. تیسری رائے یہ ہے کہ آپ سلام اللہ علیہا کا مزارِ اقدس مصر میں ہے۔

زیادہ مضبوط رائے یہ ہے کہ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا مزارِ اقدس مصر میں ہے، کیونکہ واقعہ یہ ہے کہ سانحۂ کربلا کے بعد آپ سلام اللہ علیہا مدینہ منورہ تشریف لائیں اور پھر اپنے شوہر کے کہنے پر مصر چلی گئیں۔ مصر تشریف لانے کے کچھ ہی عرصہ بعد آپ سلام اللہ علیہا کا وصال ہوگیا، وہیں آپ کا مدفن بنا اور مزارِ اقدس تعمیر کیا گیا۔ یہ شبہ بھی درست نہیں کہ سانحہ کربلا کے بعد آپ سلام اللہ علیہا دمشق رہ گئی تھیں۔ سیدہ زینب دمشق سے مدینہ منورہ گئی تھیں، وہاں سے مصر کیلئے نکلیں اور جب مقامِ کربلا سے گزریں تو آپ کو سانحہ کربلا کے وہی واقعات یاد آگئے جس سے آپ بیمار ہوگئی، اسی تکلیف میں آپ مصر پہنچیں اور کچھ عرصے میں ہی آپ کا انتقال ہوگیا۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:محمد شبیر قادری

Print Date : 23 November, 2024 01:17:44 PM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/5870/