Fatwa Online

اگر عید کے اجتماعات پر پابندی ہو تو نمازِ عید گھروں میں ادا کی جاسکتی ہے؟

سوال نمبر:5746

السلام علیکم! کرونا وائرس کی وجہ سے اس دفعہ جہاں جہاں نماز عید الفطر مساجد و عیدگاہوں میں اجتماعی طور پر ادا کرنے کی اجازت نہیں ہے، کیا ان مقامات پر نماز عید گھروں میں ادا کرنے کی شرعی اجازت ہے؟

سوال پوچھنے والے کا نام: اجمل علی مجددی

  • مقام: لاہور
  • تاریخ اشاعت: 23 مئی 2020ء

موضوع:نماز عیدین

جواب:

نماز عید واجب ہونے کی شرائط اور اس کے مقاصد کو مدِ نظر رکھا جائے تو مہلک وبائی مرض کے باعث حکومت کی طرف سے مساجد و عید گاہوں میں اجتماعی طور پر نماز عید ادا کرنے کی اجازت نہ ملنے کی صورت میں اس کا وجوب ساقط ہو جاتا ہے۔ سقوطِ وجوب کے بعد نماز عید ادا نہ کرنے کی وجہ سے لوگ گناہگار نہیں ہونگے۔ جب نماز عید واجب نہ رہی پھر اس کے ترک کرنے پر کوئی وعید نہیں۔ اس لیے موجودہ حالات میں جن مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد کرنے کی اجازت نہیں وہاں نماز عید ادا نہ کرنے کی وجہ سے لوگوں پر کوئی گناہ نہیں۔ اگر پھر بھی کسی شخص کا دل مطمئن نہ ہو تو گھر کا سربراہ مرد خاندان کو جمع کر کے گھر میں ہی دو رکعات نماز عید ادا کریں، امام خطبہ مسنونہ پڑھے اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرے کہ اللہ ربّ العزت انہیں نماز عید کا بدل اور فضیلت عطاء فرمائے کیونکہ جمعہ کی طرح اس کا خلیفہ نہیں ہے۔

نوٹ: یہ اجازت مخصوص حالات کے لیے ہے عام حالات میں اس طرح نماز عید ادا کرنے کی قطعاً اجازت نہ ہو گی۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:محمد شبیر قادری

Print Date : 21 November, 2024 10:37:15 PM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/5746/