Fatwa Online

انشورنس پالیسی پر زکوٰۃ ہر سال دینا ہو گی یا پالیسی مکمل ہونے پر؟

سوال نمبر:5579

انشورنس پالیسی پر زکوٰۃ ہر سال دینا ہو گی یا پالیسی مکمل ہونے پر؟ کیونکہ وہ مشروط ملکیت ہوتی ہے۔ اور اپنی معیاد پوری ہونے پر ہی ملک کو رقم ملتی ہے۔

سوال پوچھنے والے کا نام: ریان ثناءاللہ

  • مقام: نامعلوم
  • تاریخ اشاعت: 24 اگست 2019ء

موضوع:زکوۃ

جواب:

زکوٰۃ واجب ہونے کے لیے ایک شرط ملکِ تام ہونا بھی ہے یعنی نصاب کی ملکیت اور قبضہ دونوں پائے جائیں تو زکوٰۃ واجب ہوگی۔ جیسا کہ فقہاء کرام فرماتے ہیں:

وَمِنْهَا الْمِلْكُ التَّامُّ وَهُوَ مَا اجْتَمَعَ فِيهِ الْمِلْكُ وَالْيَدُ.

زکوٰۃ کے واجب ہونے کی شرطوں میں ایک شرط یہ ملکِ تام کا ہونا ہے اور اس سے مراد یہ ہے کہ ملکیت بھی ہو اور قبضہ بھی ہو۔

الشيخ نظام وجماعة من علماء الهند، الفتاوى الهندية، 1: 172، بيروت: دار الفكر

اس سے معلوم ہوا جب تک انشورنس پالیسی کی رقم پالیسی ہولڈر کی ملکیت اور قبضہ میں نہ آ جائے تو اس کی زکوٰۃ کا ذمہ دار انشورنس کا ادارہ ہوگا جبکہ رقم وصول کرنے کے بعد زکوٰۃ کی ادائیگی پالیسی ہولڈر کے ذمہ ہوگی۔ اس لیے انشورنس کی رقم ملنے پر ہی زکوٰۃ واجب ہوگی۔

مزید یہ کہ اگر یہ پالیسی ہولڈر پہلے سے صاحب نصاب ہو تو انشورنس پالیسی سے ملنے والی رقم بھی نصاب میں شامل ہو جائے گی۔ اگر وہ پہلے سے صاحب نصاب نہ ہو اور پالیسی کی رقم ملنے سے صاحب نصاب ہوا ہو تو اس پر سال پورا ہونے پر زکوٰہ واجب ہوگی۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:محمد شبیر قادری

Print Date : 23 November, 2024 03:03:09 PM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/5579/