جواب:
سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا عام الفیل سے پندرہ (15) سال پہلے 68 قبل ہجری میں مکہ میں پیدا ہوئیں۔ آپ کا نام خدیجہ اور لقب طاہرہ ہے۔ سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کے والد خویلد بن اسد ہیں اور والدہ کا نام فاطمہ ہے۔ آپ مکہ کی ایک مالدار خاتون تھیں۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نکاح میں آنے سے پہلے آپ کا نکاح عتیق بن عابد مخزومی سے جس کے انتقال کے بعد ہند بن زرارہ سے ہوا۔ ہند کے انتقال کے بعد 40 اور بعض روایات کے مطابق 45 برس کی عمر میں آپ رضی اللہ عنہا حرم محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں داخل ہوئیں، اس وقت آقائے کائنات صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عمر مبارک 25 سال تھی۔ پاکیزہ اخلاق کی بدولت آپ رضی اللہ عنہا طاہرہ کے لقب سے مشہور تھیں۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اعلان نبوت پر، نبوت کی تصدیق کے ساتھ سب سے پہلے اسلام لانے کی سعادت بھی سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کو حاصل ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نکاح میں آنے کے بعد 25 برس تک زندہ رہیں اور نبوت کے دسویں سال 3 قبل ہجری کو مکہ میں آپ رضی اللہ عنہا کا انتقال ہوا۔
امام ابو نعیم اصفہانی رحمۃ اللہ علیہ نے معرفۃ الصحابہ میں آپ کا تعارف ان الفاظ میں لکھا ہے:
حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا بنت خویلد بن اسد‘ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پہلی زوجہ تھیں۔ انہیں دورِ جاہلیت میں بھی طاہرہ کے لقب سے پکارا جاتا تھا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اعلانِ نبوت سے پہلے ان کے ساتھ نکاح کیا اور نکاح کے وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عمرِ مبارک پچیس سال اور سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کی عمر چالیس سال تھی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان کی حیاتِ مبارکہ میں کسی دوسری خاتون سے نکاح نہیں فرمایا۔ سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کا وصال نماز کی فرضیت اور ہجرتِ مدینہ سے تین سال قبل اور حضرت ابوطالب کی وفات کے تین دن بعد ہوا۔ وصال کے وقت سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کی عمر پینسٹھ سال تھی اور وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عقد میں پچیس سال رہیں۔ وہ پہلی خاتون تھیں جو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ایمان لائیں اور آپ کی تصدیق کی۔
ابو نعیم، معرفة الصحابه، 6: 3200-3201، الریاض
حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کی پہلی شادی عتیق بن عابد سے ہوئی اور اس سے آپ کی ایک بیٹی پیدا ہوئی جس کا نام ہندہ تھا۔ دوسری شادی ہند بن زرارہ سے ہوئی جس سے آپ کے ہاں دو بیٹے ہند اور ہالہ پیدا ہوئے۔ ایک روایت کے مطابق آپ رضی اللہ عنہا کے دوسرے شوہر کا نام زرارہ تھا۔
امام حلیبی، السیرة الجلیلة، 1: 229، بیروت، لبنان
سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کی اولاد میں ان کے پہلے شوہر سے بیٹی ہندہ، دوسرے شوہر سے دو بیٹے ہند اور ہالہ اور رسالتمآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے دو صاحبزادے قاسم بن محمد اور عبد اللہ بن محمد اور چار صاحبزادیاں زینب بنت محمد، رقیہ بنت محمد، ام کلثوم بنت محمد، فاطمہ زہر سلام اللہ علیہم اجمعین شامل ہیں۔
واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔