Fatwa Online

پہلی بیوی کو مطلع کیے بغیر دوسری شادی کا شرعی حکم کیا ہے؟

سوال نمبر:5465

السلام علیکم! راقم دوسری شادی کا خواہشمند ہے، پہلی بیوی کو بھی اپنی زوجیت میں رکھنا چاہتا ہے۔ پہلی بیوی کو بتا ئے بغیر (تاکہ کوئی جھگڑا نہ ہو ان کو بتانے سے مخفی رکھنا چاہتا ہے دوسری شادی) دوسری شادی کا شرعی کیا حکم ہے؟ دوسری بیوی کو الگ گھر دے گا۔

سوال پوچھنے والے کا نام: اختر علی کاظمی

  • مقام: چکوال
  • تاریخ اشاعت: 17 اگست 2019ء

موضوع:نکاح

جواب:

شریعت اسلامی کی رو سے شوہر اس بات کا پابند نہیں ہے کہ وہ دوسری شادی کے متعلق پہلی بیوی یا کسی بھی مجاز مقتدر سے مشورہ کرے، انہیں آگاہ کرے یا ان سے اجازت لے۔ شریعت نے دوسری شادی کو بیویوں کے درمیان رہن سہن، نان و نفقہ اور ازدواجی معاملات میں عدل و انصاف سے مشروط کیا ہے۔ کسی ایک بیوی کے ساتھ ترجیحی سلوک کرنا شرعاً ناجائز ہے اور حدیث میں اس کی بہت سخت وعید آئی ہے۔

دوسرے نکاح کے لیے شوہر پہلی بیوی سے اجازت لینے کا شرعاً تو پابند نہیں ہے البتہ پاکستانی قانون ’مسلم فیملی لاز آرڈیننس 1961‘ کے مطابق دوسرے نکاح کے لیے پہلی بیوی اور مصالحتی کونسل کی اجازت لینا لازم ہے اور بغیر اجازت دوسری شادی کرنے والے شخص کو سزا اور جرمانہ ہوسکتا ہے۔ حسن معاشرت کاتقاضا بھی یہی ہے کہ دوسری شادی کا اقدام پہلی بیوی اور گھر والوں کو اعتماد میں لیکر ان کی رضامندی سے ہی اٹھایا جائے، ورنہ کئی طرح کے مسائل جنم لیتے ہیں اور گھر کا سکون تباہ ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:محمد شبیر قادری

Print Date : 27 December, 2024 08:44:01 AM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/5465/